0
Thursday 10 Jun 2010 08:49

قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں،احمدی نژاد

قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں،احمدی نژاد
تہران:اسلام ٹائمز-ریڈیو تہران کی ویب سائیٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف پاس ہونے والی قرارداد کے رد عمل میں کہا ہے کہ ملت ایران کے نزدیک اس قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔اسنا خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر احمدی نژاد نے جو تاجیکستان کے دورے پر ہیں کہا کہ جن کے پاس ایٹم بم ہے ،ایٹم بم استعمال کرتے ہیں اور دوسروں کو ایسے بموں کی دھمکی دیتے ہیں اب اس بہانہ سے کہ ممکن ہے کہ مستقبل میں ایران ایٹم بم بنالے ہمارے خلاف قرارداد پاس کراتے ہیں۔احمدی نژاد نے اس قراراداد کے بے اہمیت ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی میدان فریب دہی،جارحیت اور توسیع پسندی کا میدان بن گيا ہے کیونکہ اس میدان میں اخلاق اور سماجی تعلقات سے محبت کو خیر باد کہہ دیا گيا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متکی نے بھی،جو آئرلینڈ کے حکام سے ملاقات کے لئے ڈبلن گئے ہوئے ہیں ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف پاس ہونے والی قرارداد کے رد عمل میں کہا ہے کہ یہ غلط اقدام ہے اور یہ کہ اس عمل سے حقیقت میں مغرب پر ہی دباؤ بڑھے گا۔
واضح رہے کہ ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کو روکنے کے لئے امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کے دباؤ اور دھمکی کی پالیسی کے تحت سلامتی کونسل نے اتفاق رائے کے بغیر ایران کے خلاف پابندیوں کی نئی قرارداد منظور کی ہے۔سلامتی کونسل کی بدھ کو ہونے والی نشست میں برازیل اور ترکی نے ایران کے خلاف امریکہ کی مجوزہ قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ لبنان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
جنگ نیوز کے مطابق ایران کے صدر محمود احمدی نژاد کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کی قرارداد کو کوڑے دان میں پھینک دیں گے اور ایسی قراردادوں سے ایرانی عوام پر کوئی فرق نہیں پڑنے گا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے عالمی طاقتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی قراردادیں ایک کاغذ کا ٹکڑا ہیں جسے کچرے کے ڈبے میں پھینک دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ وہ ممالک جو ایٹم بم کے ذریعے دوسروں کو دھمکیاں دیتے ہیں اور عملاً اس کو استعمال بھی کر چکے ہیں،وہ صرف اس بہانے سے کہ ممکن ہے ایران مستقبل میں ایٹم بم بنا لے،ہمارے خلاف قراردادیں جاری کرتے ہیں،دوسری جانب ایران نے پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے یورینیم کی افزودگی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہانپرست نے کہا ہے کہ پابندیاں لگانا انتہائی غلط اقدام ہے،اس سے صورت حال مزید خراب ہو گی۔آئی اے ای اے میں ایرانی سفیر علی اصغر سلطانی نے کہا کہ پابندیوں کے باوجود ایران یورینیم کی افزودگی جاری رکھے گا۔دریں اثناء ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ آئی اے ای اے سے تعاون کا جائزہ لے گی۔
خبر کا کوڈ : 27985
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش