QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم نے اسیر ویلفیئر موومنٹ کا آغاز کر دیا

7 Jul 2013 17:31

اسلام ٹائمز: خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسیران ملت جعفریہ اور انکے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن مدد کی کوشش کریں گے، اسیران کے بچوں کی تعلیم، گھریلو ضروریات، خود اسیران کے مقدمات کی پیروی کیلئے بھرپور جدوجہد کرنیکے عزم پر اتفاق کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اسیر ویلفیئر موومنٹ کا آغاز کر دیا گیا، اس مہم کے حوالے سے پہلا مشاورتی اجلاس ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب سید اسد عباس نقوی کی زیرصدارت صوبائی سیکرٹریٹ مسلم ٹاوْن لاہور میں منعقد ہوا, جس میں پنجاب کے سات اضلاع فیصل آباد، شیخوپورہ، لاہور، قصور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ساہیوال، پاکپتن کے سیکرٹری جنرلز و ڈپٹی سیکرٹر جنرلز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا ناصر ملت علامہ ناصر عباس جعفری نے گذشتہ دورہ لاہور پر اسیران ملت جعفریہ اور ان کے اہل خانہ کیلئے ہر ممکن مدد کرنے کیلئے باقاعدہ موومنٹ کے آغاز کا حکم صادر فرمایا تھا، اسی سلسلے میں آج کا یہ اجلاس بلایا گیا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسیران ملت جعفریہ اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے ہرممکن مدد کی کوشش کریں گے۔ خصوصی طور پر اسیران کے بچوں کی تعلیم، گھریلو ضروریات، خود اسیران کے مقدمات کی پیروی کیلئے بھرپور جدوجہد کرنے کے عزم پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس ماہ رمضان المبارک کو ماہ پیروان امام سجاد (ع) اسیران ملت جعفریہ پاکستان کے نام پر منانے کا اعلان کیا گیا۔

یاد رہے کہ اسیران ملت جعفریہ کو جتنی توجہ دینے کی ضرورت ہے قوم کی جانب سے ان مظلوموں کیلئے کوئی خاطر خواہ ادارے کا نہ ہونا ایک المیہ سے کم نہیں، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین نے جو کہ پہلے دن سے ہی امام سجاد فاوْنڈیشن کے ذریعے ان قومی ہیروز کی ہر ممکن امداد کر رہے ہیں، اس کیساتھ اس مہم کا بھی بیڑا اٹھانے کا اعلان کیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم کے مخیر حضرات ان گمنام قومی ہیروز کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسیران ملت جعفریہ اور ان کے لواحقین کو یہ احساس دلائیں کہ یہ کوئی مجرم نہیں بلکہ قومی ہیروز ہیں۔


خبر کا کوڈ: 280535

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/280535/ایم-ڈبلیو-نے-اسیر-ویلفیئر-موومنٹ-کا-آغاز-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org