0
Friday 11 Jun 2010 08:42

پنجابی طالبان شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں،جعفریہ الائنس

پنجابی طالبان شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں،جعفریہ الائنس
کراچی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی،نائب صدر مولانا حسین مسعودی،علامہ فرقان عابدی،علامہ آفتاب جعفری،علامہ باقر زیدی،سلمان مجتبٰی اور شبر رضا نے جعفریہ الائنس پاکستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجابی طالبان کراچی میں شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ میں مصروف ہیں،جس کے نتیجے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 8 سے زائد شیعہ بے گناہ نوجوانوں کو جن میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں،کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو کالعدم دہشت گرد جماعتوں اور پنجابی طالبان نے ملت جعفریہ کی نسل کشی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں شیعہ افراد اورنگی ٹاؤن،عباس ٹاؤن،ناظم آباد،بہادر آباد سمیت کئی علاقوں میں پنجابی طالبان کی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔
ان رہنماؤں نے گزشتہ روز شہید شہزاد رضا کی نماز جنازہ پر انتظامیہ کے وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد رضا کی نماز جنازہ کے شرکاء پرامن دھرنا دے رہے تھے،تو آخر پولیس اور رینجرز انتظامیہ نے کس کے کہنے پر پرامن شرکاء پر شیلنگ اور بدترین فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ حالات و واقعات نے مجبور کر دیا ہے کہ ملت جعفریہ مستقبل کے بارے میں بہت جلد فیصلہ کرے گی۔
ان رہنماؤں نے اعلان کیا کہ ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر جمعہ کے روز بعد نماز جمعہ سندھ بھر میں حکومت کیخلاف احتجاج کیا جائے گا،جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ خوجہ مسجد کھارادر میں ہو گا۔رہنماؤں نے صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی،چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری اور افواج پاکستان کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو طالبان دہشت گردوں سے پاک کیا جائے اور شہر کراچی میں جاری دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا نوٹس لیا جائے اور کراچی میں موجود کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کیلئے فوجی آپریشن کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 28064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش