QR CodeQR Code

مصر میں صدر مرسی کی حکومت کو فی الفور بحال کیا جائے، منور حسن

8 Jul 2013 14:46

اسلام ٹائمز: محمد مرسی کی حمایت میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب میں میں جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ مرسی حکومت کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرنے پر ترکی کی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے امیر منور حسن نے کہا ہے کہ ہم آج بھی مرسی کو حقیقی صدر سمجھتے ہیں۔ مصر کے اندر اس وقت تک امن و سکون نہیں آئے گا جب تک مرسی حکومت کو بحال نہ کردیا جائے، کوئی بھی آمر جلد انتخابات نہیں کراتا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حسن اسکوائر ایکسپو سینٹر کے قریب جماعت اسلامی کراچی کے تحت مصر کی جمہوری و منتخب حکومت کے خاتمے اور فوجی بغاوت کے خلاف احتجاجی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں منور حسن کی قیادت میں بیت المکرم مسجد سے احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا اور شرکاء نے ایکسپو سینٹر کے قریب تک پیدل مارچ کیا۔ سید منور حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ مغربی دنیا جمہوریت کا نعرہ لگاتی ہے لیکن مسلم ممالک میں جمہوریت کو پروان چڑھنے نہیں دیتی اور جمہوریت کی نفی کرتی ہے۔

منور حسن نے ترکی کی حکومت کی طرف سے صدر مرسی کی حکومت کو ختم کرنے کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کرنے اور فوجی بغاوت کو تسلیم نہ کرنے کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ دیگر اسلامی ممالک کے حکمران ترکی کی طرح جرات مندانہ موقف اختیار کریں گے۔ منور حسن نے کہا کہ مصر میں جمہوری اور منتخب حکومت کو ختم کرنے کے خلاف صدر مرسی اور اخوان کے حمایتی عوام نے جس بڑی تعداد میں باہر نکل کر مرسی کے حق میں مظاہرے کیے ہیں اس سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ عوام کی اکثریت نے اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ مصر میں صدر مرسی کی حکومت کو فی الفور بحال کیا جائے۔ نسیم صدیقی نے کہا کہ مصر کے عوام اخوان المسلمون اور صدر مرسی کے ساتھ ہیں اور وہاں کے فوجی حکمران بہت جلد بھاگنے پر مجبور ہو جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 280853

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/280853/مصر-میں-صدر-مرسی-کی-حکومت-کو-فی-الفور-بحال-کیا-جائے-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org