QR CodeQR Code

شام کی طرف سے اقوام متحدہ کو کیمیکل ہتھیاروں کی تفتیش کی دعوت

9 Jul 2013 15:05

اسلام ٹائمز: یو این او میں امریکی سفیر روز میری ڈی کارلو کا کہنا ہے کہ یہ بہت اہم ہے کہ شام اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو تفتیشی عمل شروع کرنے کی اجازت دے، تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ آیا اعصاب شکن گیس کا استعمال کیا گیا ہے یا نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں شام کے سفیر بشار جعفری کی جانب سے معائنہ کاروں کو شام میں کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کی تفتیش کی دعوت دی گئی ہے۔ نیویارک میں غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی باغیوں نے حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ ان پر کیمیکل گیس کا استعمال کیا گیا جبکہ بشار الاسد کی حکومت نے بارہا اس الزام کو مسترد کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں متعین شام کے سفیر بشار جعفری کی جانب سے یہ دعوت سامنے آئی ہے۔ شامی سفیر کے بیان پر اقوام متحدہ کے ترجمان مارٹن نیسیرکی کا کہنا ہے کہ شام میں گیس کے استعمال کے الزام کے معاملے پر شامی حکومت بغیر تاخیر اور شرط کے معائنہ کاروں کو متاثرہ مقام تک جانے کی اجازت دے، تاکہ تفتیشی عمل کا آغاز ہو سکے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر روز میری ڈی کارلو کا کہنا ہے کہ یہ بہت اہم ہے کہ شام اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو تفتیشی عمل شروع کرنے کی اجازت دے، تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ آیا اعصاب شکن گیس کا استعمال کیا گیا ہے یا نہیں۔ 
یہاں یہ امر اہم ہے کہ امریکہ نے گذشتہ ماہ عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو گذشتہ ماہ جون میں ایک خط بھی تحریر کیا تھا کہ شامی حکومت نے اعصاب شکن گیس سیرین کا استعمال دو مرتبہ کیا ہے۔ اس میں ایک مرتبہ 19 مارچ کو خان العسل اور دوسری مرتبہ تیرہ اپریل کو شیخ مقصود میں یہ گیس استعمال کی گئی تھی۔ اس وقت کی امریکی سفیر سوزن رائس نے یہ بھی تحریر کیا تھا کہ غالب امکان ہے کہ اسد حکومت نے 14 مئی کو قصر ابو سمرہ اور پھر 23 مئی کو عدرہ میں بھی کیمیاوی گیسوں کا استعمال کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 281180

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/281180/شام-کی-طرف-سے-اقوام-متحدہ-کو-کیمیکل-ہتھیاروں-تفتیش-دعوت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org