QR CodeQR Code

علامہ مختار احمد امامی نے ایم ڈبلیو ایم سندھ کی 10 رکنی کابینہ کا اعلان کر دیا

9 Jul 2013 17:09

اسلام ٹائمز: تقریب حلف برداری کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمیں اپنے مولا علی (ع) کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے ہر کام میں ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کے نظریئے کو سامنے رکھنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے صوبہ سندھ کی دس رکنی کابینہ کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ وحدت ہاؤس کراچی سے جاری بیان کے مطابق علامہ صادق رضا تقوی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل، عالم کربلائی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل، یعقوب حسینی کو تنظیم سازی و امور تنظیم، عبداللہ مطہری کو سیکرٹری سیاسیات، علامہ نشان حیدر ساجدی کو سیکرٹری تبلیغات و تربیت، سید امتیاز شاہ کو سیکرٹری فلاح و بہبود، آصف صفوی کو سیکرٹری اطلاعات، ظہیر حیدر زیدی کو سیکرٹری فنانس، شفقت لانگا کو سیکرٹری رابطہ جبکہ ناصر حسینی کو آفس سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے۔ درایں اثناء کراچی میں موجود صوبائی دفتر میں ایم ڈبلیو ایم کی نو منتخب کابینہ کے اراکین کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں علامہ مختار امامی نے نامزد اراکین کابینہ سے ان کی نئی تنظیمی ذمہ داریوں کا حلف لیا۔

اجلاس میں علامہ مختار امامی نے آئندہ تین سال کے لئے سندھ کے عوام کی خدمت کے لئے منتخب کئے جانے پر اراکین کابینہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے جن مقاصد کے تحت اپنی جدوجہد کا آغاز کیا ہے ان میں سرفہرست مظلوم کی حمایت ہے، ہمیں اپنے مولا علی (ع) کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے ہر کام میں ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کے نظریئے کو سامنے رکھنا ہے، تاکہ محبان اہل بیت (ع) کی سرزمین کے باسیوں کو تعلیمات اہل بیت (ع) کی روشنی میں میدان عمل میں حاضر رکھ سکیں۔ خدا سے دعا ہے کہ ہمیں اپنے ذمہ داریوں سے عہدہ برآں ہونے کی توفیق عطا فرما۔


خبر کا کوڈ: 281225

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/281225/علامہ-مختار-احمد-امامی-نے-ایم-ڈبلیو-سندھ-کی-10-رکنی-کابینہ-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org