1
0
Saturday 12 Jun 2010 12:29

علاقائی ممالک تعاون کریں،دہشت گردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،صدر زرداری

علاقائی ممالک تعاون کریں،دہشت گردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،صدر زرداری
تاشقند:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ علاقائی ممالک مزید تعاون کریں تو دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،ایشیائی ممالک کو دہشتگردی کے بنیادی اسباب پر قابو پانے کیلئے مربوط حکمت عملی پر عمل کرنا ہو گا،خطے میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئیگی۔ 
شنگھائی تعاون تنظیم کے 10ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان کو تنظیم کی مستقل رکنیت دی جائے،جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل اہم رکن ممالک نے ایران کے سوا دیگر ممبران کیلئے دروازے کھلے رکھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔دوسری جانب صدر آصف زرداری سے ان کے چینی ہم منصب ہوجن تاؤ نے جمعہ کو ایک اور ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران دونوں رہنماؤں کی یہ دوسری ملاقات تھی۔
 جمعہ کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے دسویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف علاقائی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اپنا عالمی اور علاقائی کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی اسٹریٹجک اہمیت کی وجہ سے دنیا کیلئے وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی کا مختصر اور تیز ترین راستہ فراہم کرتا ہے،خطے میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئیگی۔  انہوں نے افغانستان میں انتہاء پسندی اور دہشتگردی سے نمٹنے اور تعمیر نو کے حوالے سے پاکستان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور مستحکم افغانستان ہی پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان تاریخی رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور عوام کی خوشحالی کیلئے دونوں ممالک تعلقات کو مضبوط کر رہے ہیں۔اجلاس سے روسی صدر دمیتری یدویدیف،ازبکستان کے صدر اسلام کریموف،چینی صدر ہو جنتاوٴ اور دیگر رہنماوٴں نے بھی خطاب کیا۔ شنگھائی تعاون کونسل کے دسویں سربراہی اجلاس کے بعد تنظیم کی توسیع اور قواعد و ضوابط کے معاہدے پر دستخط کئے گئے،اس کے علاوہ تنظیم کے ارکان نے زرعی شعبے میں تعاون اور جرائم کی روک تھام کے دو معاہدوں پر بھی دستخط کئے۔دریں اثناء روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ تنظیم میں ان ممالک کی شمولیت نہیں ہو سکتی جن پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تحت پابندی ہو۔

خبر کا کوڈ : 28130
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

good
ہماری پیشکش