0
Wednesday 10 Jul 2013 17:58

کراچی، جامعہ بنوریہ کے قریب بم دھماکہ، صدر زرداری کے قریبی رفیق بلال شیخ جاں بحق

کراچی، جامعہ بنوریہ کے قریب بم دھماکہ، صدر زرداری کے قریبی رفیق بلال شیخ جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے گرومندر میں واقع جامعہ بنوریہ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین صدر پاکستان آصف علی زرداری کے قریبی رفیق اور بلاول ہاؤس کے سیکورٹی انچارج بلال شیخ سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دھماکا جامعہ بنوریہ کے قریب ہوا جس میں بلاول ہاؤس کے سیکورٹی انچارج بلال شیخ کی ڈبل کیبن گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں صدر آصف علی زرداری کے قریبی رفیق بلال شیخ سمیت 3 جاں بحق جب کہ 8 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ اسے کئی کلومیٹر دور تک سنا گیا، دھماکے سے قریبی گاڑیوں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ایس ایس پی راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں حملہ خودکش نظر آ رہا ہے کیونکہ بلال شیخ آج اپنا راستہ تبدیل کرکے گھر جا رہے تھے اور یہاں پھل لینے کے لیے رکے تھے۔ بلال شیخ کو جس قدر قریب سے نشانہ بنایا گیا ہے اس سے یہی بات سامنے آتی ہے کہ حملہ خودکش تھا۔ پولیس اور دیگر تحقیقاتی ٹیموں نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ صدر آصف زرداری، وزیراعظم نواز شریف، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بلال شیخ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 281646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش