0
Thursday 11 Jul 2013 18:57

سندھ میں شفاف الیکشن ہوتے تو سندھ پیپلز پارٹی کے ہاتھوں سے نکل جاتا، علی اکبر گجر

سندھ میں شفاف الیکشن ہوتے تو سندھ پیپلز پارٹی کے ہاتھوں سے نکل جاتا، علی اکبر گجر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی میں مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک تقسیم کرنے کے خواب دیکھنے والے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی میں اپنے ووٹرز کو تنہا نہیں چھوڑے گی نہ ہی کسی کو اس بات کی اجازت دی جائے گی کہ میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کے ساتھ امتیازی سلوک کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع غربی کراچی کے دورے کے دوران سٹی PS-93 میٹروول میں مسلم لیگ (ن) کے پبلک سیکریٹریٹ میں پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں انتخابات شفاف ہوتے تو سندھ پیپلز پارٹی کے ہاتھوں سے نکل چکا ہوتا لیکن ہمیں مخالفین کے ہتھکنڈوں کا مقابلہ اپنے اتحاد اور عوامی رابطوں میں تیزی پیدا کرکے کرنا ہے۔
 
علی اکبر گجر نے کارکنوں اور ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ عام انتخابات والے جذبے کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں تاکہ ان حلقوں میں جہاں میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والے آباد ہیں کے ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ گذشتہ دس سالوں میں سندھ کے ہر اس حلقے کو نظر انداز کیا گیا جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ووٹرز آباد ہیں۔ آپ نے اس عہد کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنی ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں مسلم لیگ (ن) کی بلدیاتی حکومتیں قائم ہوں۔ پارٹی کی صوبائی قیادت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں ہم عام انتخابات کا حساب برابر کر دیں گے۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف سے محبت کرنے والوں کے تعاون سے انشاء اللہ آئندہ کراچی کے ناظم، مئیر یا ایڈمنسٹریٹر جو بھی نظام ہوا اس کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہوگا۔ کراچی کے عوام سے ہمارا وعدہ ہے کہ ہم بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد کراچی کی روشنیاں بحال کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 282085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش