QR CodeQR Code

اوباما یاد رکھیں دہشت گردی سے دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی، ناصر خان

12 Jul 2013 17:08

اسلام ٹائمز:ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدر کا کہنا ہے کہ امریکہ نے دنیا میں قیام امن کا جو راستہ اختیار کیا وہ درست نہیں، دوسرے فریق کی بات پوری طرح سنے اور سمجھے بغیر مذاکرات کی کامیابی خارج از امکان ہے، امریکہ کی شرطوں پر مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدر محمد ناصر اقبال خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملے اور خودکش حملے میں کوئی فرق نہیں، دونوں صورتوں میں بیگناہ انسان موت کے گھاٹ اتر رہے ہیں، امریکہ سے ڈرون حملوں کے نتیجہ میں معصوم بچوں اور خواتین کی اموات کا حساب لیا جائے، امریکہ کے جارحانہ عزائم کی بدولت دنیا کے مختلف ملکوں میں دہشت گردی کی آبیاری ہوئی، صدر اوباما یاد رکھیں دہشت گردی کے زور پر دنیا سے دہشت گردی ختم نہیں ہو گی، دہشت گردی کے سدباب کیلئے ریکارڈ قربانیوں کے باوجود پاکستان کو دیوار سے لگانے کی سازش قابل قبول نہیں۔

وہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ محمد ناصر اقبال خان نے مزید کہا کہ امریکہ نے دنیا میں قیام امن کا جو راستہ اختیار کیا وہ درست نہیں، دوسرے فریق کی بات پوری طرح سنے اور سمجھے بغیر مذاکرات کی کامیابی خارج از امکان ہے، امریکہ کی شرطوں پر مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ اقدام یا واقعہ دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے جو رونما ہونے سے بیگناہ لوگ مارے جائیں، خودکش حملے ہوں یا ڈرون حملے ان کے نتیجہ میں بیگناہ انسانوں کی اموات ناقابل برداشت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاس ڈرون حملے کرنے کا کوئی جواز تھا اور نہ اب ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ماورائے قانون وآئین گرفتار کرنا اور نامعلوم مقام پر زیرحراست رکھنا انتہائی شرمناک، تشویشناک اور انسانی حقوق سے متصادم اقدام ہے، کوئی متمدن اور مہذب ریاست انسانی حقوق سے انحراف کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کیلئے عدلیہ کیساتھ تعاون کرنا ہر ریاستی ادارے کا قومی فرض ہے۔


خبر کا کوڈ: 282338

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/282338/اوباما-یاد-رکھیں-دہشت-گردی-سے-ختم-نہیں-ہو-سکتی-ناصر-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org