QR CodeQR Code

لاقانونیت اور دہشتگردی میں اضافے سے قوم عذاب میں مبتلا ہے، غنویٰ بھٹو

12 Jul 2013 18:18

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں چیئرپرسن پی پی (شہید بھٹو) نے کہا کہ عوام ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں، بلیک مارکیٹ کرنے والے تاجروں کی جانب سے کی جانے والی معاشی دہشت گردی کا شکار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ ملک میں ہر جانب لاقانونیت، دہشت گردی اور معاشی دہشت گردی جیسے سنگین نوعیت کے جرائم میں اضافے سے قوم عذاب میں مبتلا ہے اور حکمران طبقہ جس میں گذشتہ حکومت اور حالیہ مہینوں میں برسر اقتدار آنے والی جماعت شامل ہے۔ سترکلفٹن سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے دہشت گردی کی پھیلتی ہوئی لہر کے ضمن میں لاہور کے پررونق علاقہ انار کلی میں رونما ہونے والے واقعہ اور اس کے نتیجہ میں متعدد افراد کی ہلاکت اور کئی کے زخمی ہونے نیز پشاور، کوئٹہ، کراچی و دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشت گردی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کہا ہے۔
 
غنویٰ بھٹو نے کہا کہ کوئی صوبہ، شہر یا علاقہ ایسا نہیں جو دہشت گردی سے محفوظ ہو۔ جبکہ معاشی طور پر غریب عوام ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں، بلیک مارکیٹ کرنے والے تاجروں کی جانب سے کی جانے والی معاشی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ آج مسلم امہّ بالخصوص پاکستان کے مسلمان ماہ رمضان جو ﷲ کی رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے رضائے الٰہی کی خاطر زحمت روزہ گوارا کرنے اور فرض کی ادائیگی میں مصروف ہیں، بے رحم تاجروں نے اشیاء صرف خصوصاً اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کر دیا ہے لیکن بے حس و بے بس حکومت اشیاء صرف کی قیمتوں کو قابو کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 282368

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/282368/لاقانونیت-اور-دہشتگردی-میں-اضافے-سے-قوم-عذاب-مبتلا-ہے-غنوی-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org