0
Friday 12 Jul 2013 21:42

دہشتگردوں کیخلاف مارو یا مر جاؤ کی پالیسی اپنانا ہوگی، صاحبزادہ حامد رضا

دہشتگردوں کیخلاف مارو یا مر جاؤ کی پالیسی اپنانا ہوگی، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارتی آبی دہشت گردی کا نوٹس لے، بھارت پاکستان کی طرف آنے والے دریاؤں پر ڈیم بنا کر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، وزیراعظم رمضان کے مقدس مہینے میں سودی نظام ختم کرنے کا اعلان کریں، حکومت 27 رمضان کو یومِ پاکستان منانے کا اعلان کرے، حکومت کو دہشت گردوں کے خلاف مارو یا مر جاؤ کی پالیسی اپنانا ہوگی، پاکستانی طالبان امریکہ کے دوست اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل ٹریڈرز ونگ کے چیئرمین شیخ اظہر سہیل کی رہائش گاہ پر دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کو پناہ اور فنڈ دینے والوں کے خلاف بھی ایکشن لے، حکومت تمام مکاتب فکر کے علماء سے خودکش حملوں کے خلاف فتوے جاری کروائے۔ دہشت گردوں کی سرکوبی ملکی سلامتی اور معیشت کی بحالی کا تقاضا ہے۔ مصر کو خانہ جنگی سے بچانے کے لیے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور مسلم حکمران اپنا کردار ادا کریں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان میں قیام امن معیشت اور معاشرت دونوں کے لیے ضروری ہے، پوری قوم جرأت اور قوت سے دہشت گردوں کے سامنے کھڑی ہو جائے، فرقہ وارانہ قتل و غارت میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانے پر تلا ہوا ہے، دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے تمام ریاستی ادارے یکسو ہوجائیں اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔ غیر ملکی قرض مرض ہے اس کا علاج حکمرانوں پر فرض ہے، امریکہ نے اسلامی ممالک میں ہمیشہ آمروں کی سرپرستی کی ہے، اسلام کے نام پر بسائے گئے شہر اسلام آباد میں اسلام کی خدمت کے سوا سب کچھ ہوتا ہے، ہمارے حکمرانوں کے انداز آمرانہ اور شاہانہ ہیں۔ حقیقی علماء شریعت کی خود ساختہ تشریح کرنے والوں کو بے نقاب کریں اور ان کا علمی و فکری رد کریں۔
خبر کا کوڈ : 282440
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش