QR CodeQR Code

آج مسلمان دنیا میں گم ہو کر دائمی ٹھکانے اور لافانی و اخروی زندگی کو بھول چکا ہے، علماء اہلسنت

13 Jul 2013 19:45

اسلام ٹائمز: اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت علمائے کرام نے کہا کہ غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اسلام نے زکوٰة کی شکل میں جامع معاشی نظام فراہم کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے قائمقام امیر مولانا ابرار احمد رحمانی نے کہا ہے کہ دین اسلام عبادت اور خدمت کا مجموعہ ہے۔ غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اسلام نے زکوٰة کی شکل میں جامع معاشی نظام فراہم کیا ہے۔ زکوٰة خالصتاً غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور بیواﺅں کی خدمت کا ذریعہ ہے۔ زکوٰة غریبوں کا حق ہے یہ غرباء پر ہی خرچ ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قرنی مسجد گلشن اقبال میں ایک اجتماع سے خطاب میں کیا۔ نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ میں مولانا خلیل الرحمان چشتی نے ایک اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ کثرت مال کی ہوِس غرور و تکبر بارگاہ خداوندی میں سخت ناپسند ہے۔ آج کا مسلمان دنیا کی عارضی اور جھوٹی عزت، نام و نمود، آرام و آسائش اور لذات کے حصول میں اس قدر گم ہو چکا ہے کہ اپنے دائمی ٹھکانے اور لافانی و اخروی زندگی کو عملاً بھول چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور کمزوروں کیلئے دنیا کے حکمرانوں کے دروازے بند ہو جاتے ہیں لیکن رب العالمین کا باب رحمت کبھی بند نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کا فلاحی نظام اسلامی ریاست کے اندر ایک جانور کے بھوکے پیاسے اور تکلیف میں رہنے کو بھی گوارا نہیں کرتا۔ اللہ کے نزدیک پسندیدہ شخص وہ ہے جو دکھی، غم زدہ اور محروم مخلوق کے کام آئے اور ان کی مشکلات کا مداوا کرے یہی وجہ ہے اسلامی نظام میں حقوق العباد کو فوقیت حاصل ہے۔


خبر کا کوڈ: 282744

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/282744/آج-مسلمان-دنیا-میں-گم-ہو-کر-دائمی-ٹھکانے-اور-لافانی-اخروی-زندگی-کو-بھول-چکا-ہے-علماء-اہلسنت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org