0
Sunday 14 Jul 2013 15:51

حکمراں جماعت ریاستی امور چلانے کی اہل نہیں ہے، حلیم عادل شیخ

حکمراں جماعت ریاستی امور چلانے کی اہل نہیں ہے، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ قائد اعظم سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بدامنی کی مسلسل لہر نے پاکستان کو غیر ملکیوں کے لئے خطرناک ملک بنا دیا ہے۔ حکمراں جماعت میں کوئی بھی شخص ریاستی امور چلانے کا اہل نہیں ہے۔ اس وقت پاکستان کو عوام کی نہیں بلکہ حکمرانوں کی قربانیوں کی ضرورت ہے۔ ہمارے اندر آئندہ حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت تو ہے مگر ہمت نہیں۔ ملک کا کوئی بھی کونہ کرپشن سے محفوظ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ﴿ق﴾ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سیکورٹی کی بدترین صورتحال کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر شدید تحفظات کا سامنا ہے جو کہ ایک حد تک درست بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کی حکمرانی کا یہ عالم ہے کہ کسی بھی بڑی شخصیت پر معمولی حملے سے حکومتی دربار میں ہلچل مچ جاتی ہے جب کہ روزانہ عام شہریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ کر پھینک دیا جاتا ہے اس سے انصاف کے ایوانوں اور پارلیمنٹ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
 
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ پاکستان کو جس طرح کئی بیرونی ہاتھوں نے نقصان پہنچایا ہے اسی طرح اس کو ہمارے اپنوں نے بھی بہت نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں قومی خزانے کو ذاتی مفادات اور عیش و عشرت کے لئے استعمال کرتے رہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی اقدامات پر توجہ دیں کہیں یہ نہ ہو کہ ہماری جمہوریت پسندی دھری کی دھری رہ جائے۔ انہوںنے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دنوں میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومتی وزراء کو چاہیے کہ وہ رمضان بازاروں کا دورہ کریں اور گراں فروشی اور انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
خبر کا کوڈ : 283005
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش