QR CodeQR Code

ممتاز بھٹو نے اپنی پوری زندگی بھٹو خاندان کیخلاف ’کالے ناگ' کی حیثیت میں تباہ کر دی، ترجمان بلاول ہاوس

14 Jul 2013 16:21

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں اعجاز درانی نے کہا کہ ممتاز بھٹو نے پاکستان نہ کھپے کے نعرے لگا کر پاکستان کیخلاف سازش کی اور جنرل ضیاء کے ایجنٹ کے طور پر سندھ میں کلاشنکوف اور ہیروئن کلچر کو تقویت دی۔


اسلام ٹائمز۔ بلاول ہاوس کے ترجمان اعجاز درانی نے مسلم لیگ ﴿ن﴾ کے رہنماء ممتاز بھٹو کی جانب سے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف زہر افشانی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز بھٹو نے اپنی پوری زندگی بھٹو خاندان کے خلاف ایک ''کالے ناگ'' کی حیثیت میں تباہ کر دی اور آج وہ ن لیگ کا لبادہ اوڑھ کر ''بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ'' کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں اعجاز درانی نے کہا کہ ممتاز بھٹو نے ہمیشہ پاکستان اور بھٹو خاندان کے خلاف 'میر جعفر اور میر صادق' کا کردار ادا کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ممتاز بھٹو نے پھانسی کے تختے پر چھوڑ کر جنرل ضیاء کی گود میں سیاسی پناہ حاصل کی۔ ممتاز بھٹو نے شہید بھٹو کی پھانسی کے بعد مسلسل بیگم نصرت بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے خلاف سازشوں میں کوئی کثر نہ چھوڑی۔ ترجمان بلاول ہاوس نے کہا کہ ممتاز بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھانے کی سازش میں کردار ادا کر کے confrontation کا نعرہ لگایا اور پاکستان نہ کھپے کے نعرے لگا کر وفاق پاکستان کے خلاف سازش کی اور جنرل ضیاء کے ایجنٹ کے طور پر سندھ میں کلاشنکوف اور ہیروئن کلچر کو تقویت دی۔

ترجمان بلاول ہاوس نے کہا کہ ممتاز بھٹو نے اپنے دور اقتدار میں سندھ میں نسلی فسادات کروا کر ہزاروں باشندوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور وہ آج بھی سندھ میں نسلی بنیادوں پر گورنر سندھ بننے کا خواب دیکھ کر وفاق پاکستان کے خلاف سازشوں کی کوشش میں مصروف عمل ہیں۔ ممتاز بھٹو نے پہلے جنرل ضیاء کی قدم بوسی کرکے پیٹی ممتاز میں سینکڑوں لوگوں کو قتل کروایا اور بعد میں جنرل مشرف سے خفیہ ملاقاتیں کرکے سندھ کے معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے کی سازشیں کی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد ممتاز بھٹو نے نہ صرف بیگم نصرت بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کو اپنی نادیدہ چھریوں سے زخم پہنچائے بلکہ ان کے زخموں پر نمک پاشی کی۔ آج وہ ایک مرتبہ پھر جنرل ضیاء کی باقیات کے جوتوں کو سر پہ رکھ کر اقتدار کی بھیک مانگ رہے ہیں حالانکہ گزشتہ تیس سالوں کے دوران ممتاز بھٹو کبھی بھی ایک میونسپل کمیٹی کا الیکشن تک نہیں جیت سکے اور حالیہ انتخابات میں بھی ممتاز بھٹو اور ان کے فرزند خاص کی ضمانتیں تک ضبط ہوگئیں۔


خبر کا کوڈ: 283015

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/283015/ممتاز-بھٹو-نے-اپنی-پوری-زندگی-خاندان-کیخلاف-کالے-ناگ-کی-حیثیت-میں-تباہ-کر-دی-ترجمان-بلاول-ہاوس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org