0
Monday 15 Jul 2013 13:06

زرداری کو بھٹو خاندان کا فرد کہنا بھٹو خاندان کی توہین ہی نہیں بلکہ ایک گالی ہے، محمد انور گجر

زرداری کو بھٹو خاندان کا فرد کہنا بھٹو خاندان کی توہین ہی نہیں بلکہ ایک گالی ہے، محمد انور گجر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر محمد انور گجر نے کہا ہے کہ ترجمان بلاول ہاﺅس اعجاز درانی نے سردار ممتاز علی بھٹو کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد بیان دے کر اپنے آقاﺅں کو خوش کرنے اور زرداری سے مزید مراعات لینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انور گجر نے کہا کہ بعض اطلاعات تو یہ بھی ہیں زرداری ملک سے فرار ہو گیا ہے لیکن ہم زرداری کو کسی بھی صورت ملک سے فرار نہیں ہونے دیں گے کیونکہ زرداری سے ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے لئے پائی پائی کا حساب، بھٹو خاندان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ان کے قاتلوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انور گجر نے کہا کہ سردار ممتاز بھٹو کے خلاف غلط بیانی کرنے والے یہ ضرور یاد رکھیں کہ زرداری خود بھٹو خاندان کا سب سے بڑا دشمن ثابت ہوا ہے جس کے ہاتھ بھٹو خاندان کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ وہ آج بھی بھٹو خاندان کے خون کا پیاسا ہے۔
 
محمد انور گجر نے کہا کہ زرداری، شہید میر مرتضی بھٹو کے قتل میں بھی ملوث ہے جس کے قتل کا مقدمہ بھی زرداری پر درج ہوا تھا۔ بے نظیر بھٹو کے قتل کی ایف آئی آر بھی تحقیقات کے بعد زرداری اور اس کے حواریوں کے خلاف درج کروائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور اس کے خوشامدی یہ تو بتائیں کہ شہید بے نظیر بھٹو کے قتل میں کون ملوث ہے اور پانچ سال تک بے نظیر بھٹو کے صدقے میں ملنے والی حکومت میں زرداری اور اس کے حواریوں نے بے نظیر کے قاتلوں کو کیوں نہیں ڈھونڈا اور نہ ہی کوئی کارروائی کی اور نہ ہی اس قتل کی آج تک کوئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے بلکہ شہید بے نظیر کی طرف سے اپنی زندگی میں ہی نامزد کردہ قاتلوں سے زرداری نے سمجھوتہ کرکے اپنا اتحادی بنا کر ان کے سہارے پانچ سال تک حکومت چلائی۔ پانچ سالوں میں بھٹوﺅں کے صدقے میں حکومت اور عیاشی کرنے والوں نے نہ صرف بے نظیر کے خون سے غداری کی بلکہ عوام کو بھی دھوکا دیا گیا اور لوٹ مار اور کرپشن کی۔
 
انور گجرنے مزید کہا کہ حاکو کا بیٹا ڈاکو کے نام سے زرداری پورے سندھ میں مشہور ہے۔ زرداری کے خوش آمدی اور درباریوں کی طرف سے زرداری کو بھٹو خاندان کا فرد کہنا بھٹو خاندان کی توہین ہی نہیں بلکہ ایک گالی ہے۔ زرداری کے نام کے ساتھ بھٹو لگانے سے سندھ کے عوام زرداری کو شک کی نگاہ سے دےکھتے ہیں کیونکہ بھٹو خاندان اتنا بھی عیاش نہیں تھا۔ انور گجر نے کہا کہ پی پی پی کے لٹیروں، بے نظیر کے قاتلوں اور عوام دشمن زرداری اور اس کے خوش آمدیوں کے احتساب کا وقت قریب ہے جن سے سردار ممتاز بھٹو خود حساب کریں گے اسی وجہ سے زرداری اور اس کے خوشآمدی درباریوں، تنخواہ داروں، چمچوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ اب انہیں خواب میں بھی سردار ممتاز بھٹو نظر آتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 283248
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش