0
Monday 15 Jul 2013 23:33

بگٹی قتل کیس، پرویز مشرف کو کوئٹہ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم

بگٹی قتل کیس، پرویز مشرف کو کوئٹہ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اکبر بُگٹی کے قتل میں بری فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو 30 جولائی تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ بلوچستان حکومت نے بلوچستان ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کر رکھی ہے کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے نواب اکبر بُگٹی کے قتل کا مقدمہ اسلام آباد یا راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں منتقل کردیا جائے۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اس مقدمے میں ملزم پرویز مشرف کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 22 جولائی تک متلوی کر دی ہے۔ عدالت کے جج نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ملزم بلوچستان کی عدالت میں مطلوب ہے جب کہ اُسے اسلام آباد میں رکھا ہوا ہے۔ ادھر اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس ناصر الملک نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو جبس بے جا میں رکھنے سے متعلق ضمانت کی منسوخی سے متعلق درخواست کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل ہونے سے معذرت کرلی ہے۔ اس کے بعد اس درخواست کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا ہے۔ اب چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نیا بینچ تشکیل دیں گے۔ 

درخواست کی سماعت کے لیے تشکیل دیئے جانے والے تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس ناصر الملک کا کہنا ہے کہ وہ تین نومبر 2007ء میں سابق فوجی صدر کی طرف سے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ سے پہلے اُس سات رکنی بینچ میں شامل تھے۔ جس نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور سول اور فوجی حکام کو آرڈر کیا تھا کہ وہ ایمرجنسی کے نفاذ کے دوران پرویز مشرف کے احکامات کو تسلیم نہ کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ بھی اعلیٰ عدلیہ کے اُن ججوں میں شامل تھے جنہیں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد گھروں میں نظر بند کردیا گیا تھا۔ جسٹس ناصر الملک کا کہنا تھا کہ اس درخواست کی سماعت کے دوران اگر ملزم کی ضمانت منسوخ ہو جاتی ہے تو پھر یہ تاثر سامنے آئے گا کہ جج نے جانب داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے قبل چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے آٹھ جولائی کو اس درخواست کی سماعت کرنے والے بینچ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور کہا تھا کہ یہ اُن کے لیے مناسب نہیں ہے کہ وہ اس درخواست کی سماعت کریں۔ اس درخواست کی سماعت کے لیے چیف جسٹس نیا بینچ تشکیل دیں گے جب کہ اس مقدمے کے مدعمی اسلم گھمن ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اُن کی درخواست کی فوری سماعت کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 283357
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش