0
Tuesday 16 Jul 2013 08:58

حکومت اور عدلیہ کا گٹھ جوڑ فوج کو کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے، پیپلز پارٹی پنجاب

حکومت اور عدلیہ کا گٹھ جوڑ فوج کو کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے، پیپلز پارٹی پنجاب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات راجہ عامرخا ن، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری دیوان غلام محی الدین اور سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹ منظور احمد مانیکا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی پارٹی مسلم لیگ ن عدلیہ کے ساتھ مل کر فوج کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ سابق چیف آف آرمی جنرل پرویز مشرف کا ٹرائل اور اسامہ بن لادن کمیشن رپورٹ سب اس سازش کی کڑیاں ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں اداروں کو کمزور کرنے کی بجائے مضبوط کیا۔ مگر میاں نواز شریف وہی کام کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے جمہوریت کا تسلسل اکتوبر 1999 میں ان کی ضد کی وجہ سے ختم ہوا تھا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں اداروں کا مضبوط ہونا ملک کو ٹوٹنے سے بچانے کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوج کمزور ہو جائے گی تو کیا مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ وزیرستان میں دہشتگردوں سے لڑے گی، بلوچستان میں امن پیدا کرے گی اور سرحدوں کی حفاظت کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کے قائدین کو پاکستان پیپلز پارٹی سے مستقل مزاجی کی سیاست، عقلمندی اور دانش مندی سیکھنے کی ضرورت ہے کہ کس طرح فوجی آمروں جنرل ضیاالحق اور جنرل پرویز مشرف سے جان چھڑا کر ملک میں جمہوریت لائے، ورنہ خدشہ ہے کہ پھر جیلوں میں ان کو مچھر کاٹیں گے اور وہ خفیہ معاہدہ کر کے ملک سے بھاگ جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 283446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش