0
Tuesday 16 Jul 2013 23:46

وزیراعظم نواز شریف سمیت ہر پاکستانی کا سعودی عرب کے ساتھ جذباتی اور مذہبی رشتہ ہے، علی اکبر گجر

وزیراعظم نواز شریف سمیت ہر پاکستانی کا سعودی عرب کے ساتھ جذباتی اور مذہبی رشتہ ہے، علی اکبر گجر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا کہ موجودہ کابینہ قائداعظم محمد علی جناح ﴿رح﴾ کے وقت کے بعد ملک کی بہترین کابینہ ہے جس میں پاکستان کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار وزراء شامل ہیں۔ عوام سابقہ حکومت کے وزراء کی فوج کی کارکردگی کے دکھ ابھی نہیں بھولی اسی لئے بلاول ہاﺅس کے ترجمان نے توپوں کا رخ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کابینہ کی طرف موڑ دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے وزراء کے کارنامے کرپشن اور نااہلی کی تاریخ میں ناقابل فراموش واقعات کے طور ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ سابقہ حکومت کے وزیروں کی فوج اپنے کرتب دکھا کر منظر سے غائب ہو گئی ہے اور بلاول ہاﺅس کے ترجمان تنہا رہ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی میڈیا سیل میں پارٹی رہنماﺅں کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی اکبر گجر نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کابینہ ذاتی محافظوں اور ملازمین کی کابینہ نہیں۔ اس کابینہ میں پاکستان کے نامور سیاست دان، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار دماغ شامل ہیں جن کی صلاحیتوں کو عالمی برادری بھی تسلیم کرتی ہے۔
 
علی اکبر گجر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سمیت ہر پاکستانی کا سعودی عرب کے ساتھ جذباتی اور مذہبی رشتہ ہے۔ سعودی عرب میں اس عظیم ہستی کا مسکن ہے جس کی خاطر خداوند کریم نے تمام کائنات تشکیل کی۔ سعودی عرب جانا ہمارے لئے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سابقہ حکمرانوں کی طرح عوام کے اعتماد کا ستیاناس کرکے یورپ میں ڈیرے ڈالنے والے لوگ نہیں۔ علی اکبت گجر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام کی توجہ بلاول ہاﺅس کے اکیلے پن سے ہٹانے کیلئے عید کے فوراَ بعد بلدیاتی انتخابات کا اعلان کر سکتی ہے جبکہ عدالت کی طرف سے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کا حکم پہلے ہی آچکا ہے۔ اس لئے ہمیں بلدیاتی انتخابات میں سابقہ حکمرانوں کا راستہ روکنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور سندھ کے مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی اداروں میں مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کی بہت اشد ضرورت ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) ہی ملک میں واحد جماعت ہے جس کی ترجیحات میں عوام کے مسائل ہمیشہ سرفہرست رہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 283810
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش