0
Thursday 18 Jul 2013 12:23

مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت شروع کر دی ہے، امین فہیم

مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت شروع کر دی ہے، امین فہیم
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اپنا صدارتی امیدوار لانے میں جلدی نہیں ہے، مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ وہ مقامی کلب میں پیپلز پارٹی کے رہنماء مخدوم فضل کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ افطار ڈنر میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء اویس مظفر، شرجیل انعام میمن، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین سندھ اسمبلی اور دیگر نے شرکت کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امین فہیم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے خیر کی توقع نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) اپنی پرانی روش پر چل رہی ہے۔ اپوزیشن نے حکومت کو جو تجاویز دی ہیں، حکومت نے ان تجاویز پر عمل درآمد نہیں کیا اور من مانے فیصلے کر رہی ہے۔ جس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت کو عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ 

مخدوم امین فہیم نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو گورنر راج لگانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ گورنر راج لگانا اتنا آسان نہیں ہے۔ گورنر راج لگانے کے حوالے سے سوال کا جواب مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہی دے سکتی ہے۔ مخدوم امین فہیم نے کہا کہ صدارتی انتخابات سے قبل الیکٹرول کالج مکمل ہونا ضروری ہے۔ اس لئے صدارتی انتخابات سے قبل ضمنی انتخابات کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کریں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل میاں رضا ربانی نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد گورنر راج لگانا اتنا آسان نہیں ہے۔ اگر سندھ میں گورنر راج لگانے کا فیصلہ کیا گیا تو سب کا مینڈیٹ کیلج ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نافذ 40 سالہ کوٹہ سسٹم اگلے مہینے (اگست) میں ختم ہو رہا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے قانون سازی کرے۔ حکومت جو قانون سازی کرے گی ہم اس کی آئین کے مطابق حمایت کریں گے۔ اگر حکومت نے کوٹہ سسٹم کے حوالے سے قانون سازی نہیں کی تو پھر پیپلز پارٹی اس حوالے سے قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبر کے طور پر بل پیش کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 284327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش