QR CodeQR Code

بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف آزاد حکومت نے احتجاج کی دھمکی دے دی

18 Jul 2013 15:33

اسلام ٹائمز: واپڈا حکام جب چاہتے ہیں اسلام آباد اور ایبٹ آباد سے بجلی بند کر دیتے ہیں۔ بجلی کی بندش سے عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سید بازل علی نقوی نے کہا کہ سحری و افطاری کے وقت بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے اور اگر واپڈا کے حکام نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو پیپلز پارٹی کے جیالے عوام کے ساتھ سڑکوں پر آ جائیں گے۔ گذشتہ اپنے آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ واپڈا نے غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کو معمول بنا لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ واپڈا حکام جب چاہتے ہیں اسلام آباد اور ایبٹ آباد سے بجلی بند کر دیتے ہیں۔ بجلی کی بندش سے عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اخبارات میں اشتہارات چھپوا کر واپڈا نے اعلان کیا تھا کہ سحری اور افطاری کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی مگر اس کے برعکس مظفرآباد سمیت پورے کشمیرمیں بارہ بارہ گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور احتجاج کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد حکومت توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے واپڈا کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ متاثرین منگلا ڈیم سمیت کشمیری پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے بے لوث قربانیاں دے رہے ہیں مگر واپڈا عوام کے جذبات کے ساتھ کھیل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی ادارے کو عوام کے اندر نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 284431

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/284431/بجلی-لوڈشیڈنگ-کیخلاف-آزاد-حکومت-نے-احتجاج-کی-دھمکی-دے-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org