0
Sunday 21 Jul 2013 19:02

سیدہ زینب (س) کے روضہ پر حملہ حرم پیغمبر اکرم (ص) پر حملہ ہے، ایم ڈبلیو ایم / آئی ایس او

سیدہ زینب (س) کے روضہ پر حملہ حرم پیغمبر اکرم (ص) پر حملہ ہے، ایم ڈبلیو ایم / آئی ایس او
اسلام ٹائمز۔ نواسی رسول اکرم (ص) سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر ہونے والے حملے حرم پیغمبر اکرم (ص) پر حملوں کے مترادف ہے۔ نواسی رسول اکرم (ص) سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر ہونے والے حملے میں امریکہ اور اسرائیل براہ راست ملوث ہیں، عالم اسلام سراپا احتجاج بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی، صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا دیدار علی جلبانی، مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے رہنما علامہ جعفر رضا نقوی، آئی ایس او کراچی کے ڈویژن صدر محمد عابدی، علامہ علی انور جعفری و دیگر نے خراسان روڈ تا سی بریز چوک تک منعقد کی جانے والی احتجاجی ریلی بعنوان ’’ لبیک یا زینب (س) ریلی ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی ریلی کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ نواسی رسول اکرم (ص) سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر پر ہونے والے حملے کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی و ماتمی جلوس میں ہزاروں خواتین اور مرد حضرات نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ احتجاجی و ماتمی جلوس کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہماری جان سیدہ زینب سلام اللہ علیہا پر قربان ہو، لبیک یا رسول اللہ، لبیک یا حسین، لبیک یا زینب، مردہ باد امریکہ، اسرائیل منظور نعرے درج تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومت پاکستان سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ نواسی رسول اکرم (ص) کے روضہ مبارک پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کرے۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل اسلام کے کھلے دشمن ہیں جو مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کرکے اور ان پر حملے کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں اور عالمی دہشت گرد امریکہ چاہتا ہے کہ کسی طرح پوری دنیا کو فرقہ واریت کی لعنت میں دھکیل دیا جائے اور مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام تر شیطانی ایجنڈوں اور مکر و فریب کا بنیادی مقصد غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو تحظ فراہم کرنا ہے اور مسلم امہ کو منتشر کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر ہونے والے حملوں میں امریکی اور صیہونی دہشت گرد براہ راست ملوث ہیں، امت مسلمہ اپنے مشترکہ دشمن امریکہ اور اسرائیل کو سنگین جرائم کے ارتکاب پر معاف نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ وقت نہیں ہے کہ سامراجی ایجنٹ تکفیری دہشت گرد عناصر صحابہ کرام، ازواج رسول اکرم (ص) اور اہل بیت اطہار (ع) کے مزارات کو منہدم کریں اور دنیا خاموش تماشائی بنی رہے بلکہ اب وقت ہے کہ مسلم امہ اٹھ کھڑی ہو اور اسلام کے مقدسات اور شعار کی حفاظت کے لئے سامراجی ایجنٹ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف سراپا احتجاج بن جائے۔ علامہ بہشتی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اہل بیت اطہار علیہم السلام کے مزارات مقدسہ کی توہین پر سراپا احتجاج ہیں اور اپنے ازلی دشمن امریکہ اور اسرائیل کو اس اہانت کا براہ راست ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

احتجاجی و ماتمی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر محمد عابدی کا کہنا تھا کہ اگر سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر حملوں کا سلسلہ نہ رکا تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مراکز امریکی سفارتخانوں کا گھیراو کریں گے۔ اس موقع پر علامہ صادق رضا تقوی اور مولانا دیدار علی جلبانی نے کہا کہ نواسی رسول اکرم (ص) جناب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک کے تحفظ کے لئے ہماری جان بھی حاضر ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روز بروز دہشت گردی عروج پر پہنچ رہی ہے جس کا واحد علاج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنا ہے تاہم حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کرے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے۔ اس موقع پر شرکائے احتجاجی ریلی نے لبیک یا رسول للہ، لبیک یا حسین، لبیک یا زینب اور لبیک یا نصر اللہ کے نعرے بلند کئے اور ریلی کے اختتام پر امریکی اور صیہونی اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 285462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش