QR CodeQR Code

ترکی کا اسرائیل سے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ

17 Jun 2010 12:45

اسلام ٹائمز: ترکی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر معافی مانگے، فریڈم فلوٹیلا کو غزہ پہنچائے اور اس پر حملے میں ہوئے نقصان کا ازالہ کرے۔


اسلام ٹائمز – ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق ترکی کی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز بدھ کے دن اعلان کیا ہے کہ ترکی نے اسرائیل کو پیش کردہ شرائط پوری کرنے کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے جو زیادہ لمبی نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترکی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فریڈم فلوٹیلا پر جارحیت کی بابت فوری طور پر معافی مانگے، فریڈم فلوٹیلا کو غزہ تک پہنچائے اور اس پر حملے میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کرے۔
ترکی کی وزارت خارجہ کے مطابق اگر اسرائیل فوری طور پر یہ مطالبات تسلیم نہیں کرتا تو ترکی اس کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو کم ترین سطح تک لے آئے گا۔ رپورٹ کے مطابق ترکی آئندہ چند روز میں اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کا روڈ میپ پیش کرنے والا ہے۔
ترکی کے صدر عبداللہ گل جو آج کل جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں نے گذشتہ روز بدھ کے دن صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا روڈ میپ موجود ہے جو جلد ترک حکومت کی طرف سے منظر عام پر آئے گا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے چند ہفتے قبل غزہ کی جانب جانے والے امدادی قافلے فریڈم فلوٹیلا پر وحشیانہ حملہ کر دیا جس میں کم از کم 9 ترک امدادی کارکن جاں بحق ہو گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 28561

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/28561/ترکی-کا-اسرائیل-سے-فوری-معافی-مانگنے-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org