0
Thursday 17 Jun 2010 13:16

برٹش پٹرولیم کو معاوضہ دینا ہو گا،خلیج میکسیکو میں تیل کا رساؤ امریکا پر حملہ ہے،اوباما

برٹش پٹرولیم کو معاوضہ دینا ہو گا،خلیج میکسیکو میں تیل کا رساؤ امریکا پر حملہ ہے،اوباما
لندن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے خلیج میکسیکو میں تیل رسنے سے نقصان کو امریکی ساحل اور امریکی شہریوں پر حملے کے مترادف کہا ہے اور برٹش پیٹرولیم پر لاپروائی کا الزام عائد کیا۔امریکی عوام سے ٹیلیویژن پر خطاب کرتے ہوئے صدر بارک اوباما نے بڑی تعداد میں تیل رسنے کو امریکی ساحل اور شہریوں پر حملے کے مترادف قرار دیا ہے۔انہوں نے برٹش پیٹرولیم پر لاپروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،جب تک برطانوی تیل کی کمپنی بی پی تیل رسنے کے باعث ہونے والے نقصان کا معاوضہ ادا نہ کر دے۔ 
خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ بدھ کے روز برٹش پیٹرولیم کے چیئرمین سے ملیں گے اور ان کو کہیں گے کہ لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لئے رقم وقف کی جائے۔صدر اوباما نے خطاب ایسے وقت کیا ہے،جب امریکی عوام کی رائے میں صدر اوباما نے تیل کے رسنے کے حوالے سے مناسب اقدامات نہیں اٹھائے۔صدر اوباما نے خطاب میں کہا حکومت اس تیل کے بہنے کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی،اور تب تک کرے گی جب تک ضرورت پڑے گی۔
یاد رہے کہ امریکی تاریخ میں تیل کے رساؤ کا یہ بدترین واقعہ اس وقت پیش آیا،جب برٹش پیٹرولیم کی ایک رگ جسے سمندر کی تہہ میں سوراخ کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے،دھماکے سے ٹوٹ گئی تھی۔کنویں سے رسنے والا تیل امریکی ریاست لوزیانا کی ساحلی پٹی پر ستر میل تک پھیل گیا ہے،جس کی وجہ سے ساحل پر قدرتی حیات کی تباہی کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔علاقے میں ماہی گیری بنیادی صنعت ہے،جس کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔امریکی کوسٹ گارڈز کے سربراہ نے کہا تھا کہ خلیج میکسیکو زیر سمندر واقع تیل کے کنویں سے تیل کے رساؤ کی صفائی کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ خلیج میکسیکو میں تیل کا بہاؤ امریکی تاریخ کا بدترین ماحولیاتی بحران ہے۔جس پر قابو پانے کیلئے ہرممکن کوشش کو بروئے کار لایا جائے گا۔واشنگٹن میں تیل کے رساؤ سے متعلق قوم سے خطاب کرتے ہوئے براک اوباما کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے قومی نوعیت کے مشن کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیلج میکسیکو میں تیل کا بہاؤ امریکی تاریخ کے بدترین ماحولیاتی بحران کی شکل اختیار گر گیا ہے۔جسے حل کرنے کیلئے امریکا کی جانب سے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے بھر پور کوششیں کی جا رہی ہیں کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔خلیج میکسیکو میں تیل کا رساؤ یومیہ ساٹھ ہزار بیرل تک پہنچ گیا ہے۔
برٹش پیٹرولیم کا نقصانات کے ازالے کیلئے 20 ارب ڈالر کا فنڈ قائم
ادھر برٹش پیٹرولیم نے خلیج میکسیکو میں تیل کے رساؤ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے بیس ارب ڈالر کا فنڈ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔کمپنی نے اس سال شیئر ہولڈرز کو ڈیویڈنڈ کی ادائیگی نہ کرنے اور دس ارب ڈالر کے اثاثے فروخت کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا۔امریکی صدر باراک اوباما نے وائٹ ہاؤس میں برٹش پیٹرولیم حکام کے ساتھ چار گھنٹے طویل ملاقات کے بعد کمپنی کی جانب سے نقصانات کے ازالے کیلئے بیس ارب ڈالر کے خصوصی فنڈ کے قیام اعلان کیا۔اور بتایا کہ کمپنی آئل رِگ کے فارغ کر دئیے جانے والے کارکنوں کیلئے بھی الگ سے دس کروڑ ڈالر کا فنڈ قائم کرنے کیلئے بھی راضی ہو گئی ہے۔برٹش پیٹرولیم بیس ارب ڈالر فنڈ کی مد میں ہر سال پانچ ارب ڈالر ادا کریگا۔اوباما کا کہنا تھا کہ بیس ارب ڈالر کوئی حد نہیں۔مزید ضرورت ہوئی تو کمپنی اس کی بھی ادائیگی کریگی۔ برٹش پیٹرولیم کے چیئرمین کارل ہینرک سوین برگ نے بحران پیدا ہونے پر امریکی قوم سے معافی مانگی۔اور کہا کہ متاثرہ لوگوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں کو پہنچنے والے ماحولیاتی اور معاشی نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 28564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش