0
Monday 22 Jul 2013 12:22

حضرت بی بی سیدہ زینب (س) کے مزار پر حملہ کسی مسلمان کا فعل نہیں ہو سکتا، علی اکبر گجر

حضرت بی بی سیدہ زینب (س) کے مزار پر حملہ کسی مسلمان کا فعل نہیں ہو سکتا، علی اکبر گجر

اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے صوبائی میڈیا سیل میں ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں واقع شہر سیدہ زینب ﴿س﴾ میں حضرت بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کے مزار پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کے مزار پر حملہ کسی مسلمان کا فعل نہیں ہوسکتا۔ فقہی اختلافات کے باوجود کوئی مسلم ایسی مکروہ حرکت کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ عالم اسلام کا ہر فرد خانوادہ رسول ﴿ص﴾ کے لئے جان قربان کرنا باعث عزت و افتخار سمجھتا ہے۔ ہر کلمہ گو ایسے کسی فعل کے تصور سے ہی لرز جاتا ہے۔ شام میں جاری بدامنی اور سیاسی بے چینی کو ہوا دینے کے لئے اسلام دشمن قوتیں ایسے اقدامات کا اصل محور ہیں۔ اسلامی کانفرنس کا ایسے گھناﺅنے واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہ آنا تعجب خیز ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے ہنگامی اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ اسلام دشمن قوتیں ہی دنیا بھر میں مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دینے کے لئے ایسی کارروائیوں کی ذمہ دار ہیں۔ پاکستان، عراق، شام میں ایسی کارروائیوں کے پیچھے مخصوص سوچ کی حامل قوتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جو کسی بھی طریقے سے مسلمانوں کے درمیاں تفرقہ رکھنا چاہتے ہیں۔
 
صوبائی میڈیا سیل سے جاری ایک مشترکہ بیان میں لیگی رہنماﺅں نے روضہ بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ پر حملے کو ملت اسلامیہ پر حملہ قرار دیتے ہوئے آرگنایزیشن آف اسلامک کانفرنس (OIC) سے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر میں خانوادہ رسول ﴿ص﴾، صحابہ کرام ﴿رض﴾، اکابرین اسلام کے مزارات کے تحفظ کے لئے ووٹوک حکمت عملی بنائی جائے اور تمام ممالک کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اسلامی شعائر کے احترام و تحفظ کو اپنے ملکی قوانین کا حصہ بنائیں۔ شام، عراق، لبیا، مصر میں سیاسی بے چینی کے فائدے اسلام دشمن قوتیں اٹھا رہی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ شام میں بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کے مزار پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستان سمیت دنیا بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف واضح پالیسی رکھتی ہے۔ ہمارا ملک بھی ایک دہائی سے دہشت گردی کے عذاب کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی مں دہشت گردی کے واقعات، ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکے پاکستان کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے لئے بھی بہت بڑا چیلنج ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے۔ خصوصاً سندھ جو ایسے واقعات کا آسان ہدف بن چکا ہے، کے حکمرانوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ سندھ میں امن و امان برقرار رکھنے پر مامور اداروں کی کارکردگی کا از سر نو جائزہ لیں اور سندھ میں امن و امان کی طرف توجہ دیں۔

خبر کا کوڈ : 285641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش