0
Monday 22 Jul 2013 15:12

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی جانب سے ان ہی کی جماعت کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی ہے۔ جبکہ کابینہ میں شامل 7 وزراء اور 3 مشیر بھی مستعفی ہو گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے عبدالماجد خان، اکبر ابراہیم اور محمد حسین سرگالہ نے جمع کرائی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید آزاد کشمیر کی ترقی میں کوئی بھی کردار ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے 3 سالہ دور میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں بھی اجاگر نہیں کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پر کئی ترقیاتی منصوبوں میں خردبرد کا بھی الزام ہے۔ تحریک کنندہ نے بیرسٹر سلطان احمد کو بطور متبادل وزیراعظم بھی نامزد کیا ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے عدم اعتماد کی قرارداد کے ساتھ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن شامل نہ ہونے کی بنا پر اجلاس طلب کرنے کے لئے قرارداد سیکرٹری قانون کے ذریعے صدر آزاد کشمیر کو بھجوا دی ہے، جو آزاد کشمیر کے عبوری آئین کے تحت 7 روز میں قرارداد پر رائے شماری کے لئے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے پابند ہیں۔ تحریک عدم اعتماد سامنے آنے کے بعد حکومت میں شامل 7 وزراء اور 3 مشیروں نے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کا ساتھ چھوڑ کر کابینہ سے استعفی دے دیا ہے، جن وزرا اور مشیران نے استعفی دیا ہے ان میں عبدالماجد خان، اکبر ابراہیم، محمد حسین سرگالہ، افسر شاہد، اختر حسین ربانی، اظہر گیلانی، چوہدری اخلاق حسین، اکمل حسین سرگانہ اور سردار امتیاز شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 285738
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش