0
Monday 22 Jul 2013 15:40

چوہدری مجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھٹو کے خون سے غداری کا نتیجہ ہے، ہمایوں زمان

چوہدری مجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھٹو کے خون سے غداری کا نتیجہ ہے، ہمایوں زمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر راہنما ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ چوہدری عبدالمجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھٹو کے خون سے غداری کا نتیجہ ہے۔ یہ مکافات عمل ہے چوہدری عبدالمجید نے جو بویا تھا آج وہی کاٹ رہے ہیں وہ لوگ جن کا تعلق پیپلز پارٹی نہیں تھا اور جنہیں صرف پانڈوں اور ڈالروں کے لالچ میں وزیر مشیر بنایا گیا تھا وہ آج خزاں رسیدہ پتوں کی طرح چوہدری عبدالمجید کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان موجودہ آئینی اقدام کی حمایت کرتے ہیں اور قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے اور وزراء مشیران کی جانب سے مستعفی ہونے کے اعلان پر اپنے ردعمل میں کیا۔ ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے وزیراعظم بننے سے تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اس کے علاوہ بھٹو خاندان کی میراث کے اصل وارث پی پی جیالوں کے مسائل بھی حل ہوں گے جنہیں چوہدری عبدالمجید کی حکومت نے پچھلے دو سال سے دیوار کے ساتھ لگایا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور مرحوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے میں موجودہ وزیراعظم نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہوئی۔ آج ان کے اپنے خلاف وزراء کی بغاوت اور ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونا مکافات عمل ہے، انہوں نے جو بویا آج وہی کاٹ رہے ہیں۔ ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بڑا کام ہے ان کا سابق دور حکومت ایک مثالی دور تھا جس میں آزادخطہ نے ریکارڈ ترقی کی اور کرپشن کا دور دور تک نام و نشان تک نہ تھا جب کہ موجودہ پی پی حکومت میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے جس کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعظم پر عائد ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 285752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش