QR CodeQR Code

بیت المقدس صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا ہے، محمد زازع

23 Jul 2013 03:15

اسلام ٹائمز: کراچی میں فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایل او کے رہنما نے کہا کہ حالات کے جبر کے تحت ان کی تنظیم نے اوسلو میں معاہدہ کیا لیکن اس کا ہرگز یہ مقصد نہیں تھا کہ پی ایل او نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) کے رہنما محمد زازع نے کہا ہے کہ بیت المقدس صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر ہے کے عنوان سے کراچی کے مقامی آڈیٹوریم میں منعقد کی جانے والی بین الاقوامی فلسطین کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ علامہ اعجاز بہشتی، جماعت اسلامی پاکستان سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان اور علامہ عباس کمیلی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ خواتین و بچوں سمیت شرکاء کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ اپنے خطاب میں محمد زازع نے کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کے جبر کے تحت ان کی تنظیم نے اوسلو میں معاہدہ کیا لیکن اس کا ہرگز یہ مقصد نہیں تھا کہ پی ایل او نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا تھا۔

فلسطینی رہنما کا کہنا تھا کہ وقت نے ثابت کردیا کہ اوسلو معاہدہ عرب اور اسلامی کاز سے انحراف تھا اور اب اس کا کوئی وجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور یہ نہ صرف نیل سے فرات تک کے علاقوں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے بلکہ یہ مراکش سے پاکستان تک سارے مسلمان ممالک کو بھی غصب کرنا چاہتی ہے لہذا ان کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی اور انہیں اپنے خیالات کا اظہار کرنے لئے کانفرنس میں مدعو کیا۔


خبر کا کوڈ: 285888

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/285888/بیت-المقدس-صرف-فلسطینیوں-کا-ہی-نہیں-بلکہ-پوری-دنیا-کے-مسلمانوں-ہے-محمد-زازع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org