QR CodeQR Code

کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد ملت جعفریہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، علامہ حسن ظفر

18 Jun 2010 12:18

اسلام ٹائمز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان نے حکومت کو خبردار کیا کہ حکمران اپنا قبلہ درست کر لیں،صبر و تحمل کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔اگر ملت جعفریہ کے معصوم اور بے گناہ لوگوں کا قتل بند نہ ہوا تو ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں


کراچی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے کراچی میں کالعدم تنظیموں نے اپنے نام بدل کر سرگرمیاں شروع کی ہوئی ہیں،جس کے نتیجے میں اب تک ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز،انجینئرز اور دیگر اہم شخصیات کو شہید کر دیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا منور نقوی،مولانا عباس وزیری،مولانا علی اوسط اور ناصر حسینی بھی موجود تھے۔علامہ حسن ظفر نقوی نے مزید کہا کہ ایک طرف تو ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کو کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد گروہ شہر بھر میں کھلم کھلا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف حکومت سندھ کی کارکردگی بھی امن و امان کے حوالے سے صفر ہے اور افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ ایجنسیاں اپنے فرائض سے غافل یا اپنے کام میں ناکام ہو چکی ہیں۔
انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ حکمران اپنا قبلہ درست کر لیں،صبر و تحمل کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔اگر ملت جعفریہ کے معصوم اور بے گناہ لوگوں کا قتل بند نہ ہوا تو ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے حکومت سندھ کی نااہلی کے خلاف احتجاجی تحریک بعنوان ”دفاع تشیع مہم“ کا آغاز کر دیا ہے،جس کے تحت پہلے مرحلے میں مجلس کے زیراہتمام ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں 18جون کو بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 28618

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/28618/کالعدم-تنظیموں-کے-دہشت-گرد-ملت-جعفریہ-کو-نشانہ-بنا-رہے-ہیں-علامہ-حسن-ظفر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org