QR CodeQR Code

شام میں مزارات پر حملہ کرنے والے عہد ِ حاضر کے خوارج ہیں، علامہ محمد ناصر چشتی

24 Jul 2013 15:18

اسلام ٹائمز: اجلاس سے خطاب میں مرکزی جے یو پی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ شام میں باغی دہشتگردوں نے مسلمانوں کے مرکزِ عقیدت پر حملہ کرکے یزیدیت کا مظاہرہ کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت علماء پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری اطلاعات اور معروف اسلامی اسکالر فاضل دارالعلوم نعیمیہ علامہ محمد ناصر خان چشتی نے کہا ہے کہ مزاراتِ صحابہ اور مزاراتِ اولیاء کا تحفظ ہم زندگی کی آخری سانس تک کریںگے کیونکہ مزاراتِ صحابہ و اولیاء کا تحفظ ہمارے ایمان وعقیدے کا حصہ ہے۔ بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ اور حضرت خالد بن ولید کے مزارات ہماری عقیدتوں کا محور ہیں۔ لادینی قوتیں مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کر رہی ہیں تاکہ فرقہ واریت کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز بیت المصطفیٰ پر مرکزی جمعیت علماء پاکستان کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علامہ فیصل عزیزی، مفتی شہزاد قادری، مفتی غلام نبی ہزاروی، مولانا عدیل حسین قاسمی، انجمن نوجوانان اسلام کراچی کے رہنماء مسعود عالم، سید مبشر علی قادری، شاہ عالم اور دیگر عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔ علامہ محمد ناصر خان چشتی نے کہا کہ دشمنان اسلامِ نے مزارات پر دہشت گردی کرکے اپنے ناپاک عزائم کا اظہار کیا ہے لیکن فرندان توحید دشمنان اسلام کی ہر سازش کا جواب دینا اچھی طرح جانتے ہیں۔ شام میں مزارات پر حملہ کرنے والے عہد ِ حاضر کے خوارج ہیں اور شام میں باغی دہشت گردوں نے مسلمانوں کے مرکزِ عقیدت پر حملہ کرکے یزیدیت کا مظاہرہ کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ 

علامہ محمد ناصر خان چشتی نے کہا کہ شام میں باغیوں کی جانب سے مزارات کی بے حرمتی پر مسلم حکمرانوں بالخصوص وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی خاموشی مسلمانوں کی دل آزاری کے مترادف ہے۔ مسلم حکمران فساد فی الارض برپا کرنے والی قوتوں کی حوصلہ شکنی کیلئے تمام تر ذرائع بروئے کار لائیں۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم حکمران دنیا بھر میں مزارات مقدسہ کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ حکومت پاکستان مسلمانانِ عالم اسلام کی ترجمانی کرتے ہوئے اس المناک واقعہ پر عالمی سطح پر آواز اٹھائے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر حضرت خالد بن ولید اور بی بی سیدہ زینب ﴿س﴾ کے مزار پر راکٹ حملوں کے خلاف ملک گیر پرامن یوم احتجاج منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں 26 جولائی جمعة المبارک کو 1 بجے دن نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس سے سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل طارق محبوب اور دیگر مذہبی و سیاسی قائدین خصوصی خطاب کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 286402

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/286402/شام-میں-مزارات-پر-حملہ-کرنے-والے-عہد-حاضر-کے-خوارج-ہیں-علامہ-محمد-ناصر-چشتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org