QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا کرپشن کے خلاف از خود نوٹس لینے پر چیف جسٹس کو خراج تحسین

24 Jul 2013 18:47

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں جماعت اسلامی کے رہنما نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ سپریم کورٹ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے معاملات کا بھی جائزہ لے۔


اسلام ٹائمز۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی نے ای او بی آئی میں کرپشن کے خلاف از خود نوٹس لینے پر چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایک بیان میں شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ ایف آئی اے، ای او بی آئی کے سابق ڈائرکٹر جنرل ظفر گوندل کی گرفتاری میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو استعمال کرنے میں کمزوری دکھا رہی ہے۔ سب جانتے ہیں کہ ظفر گوندل کو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے چھپا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو ای او بی آئی میں ان کالی بھیڑوں کوبھی قانون کے شکنجے میں لانا چاہیے، جو اس کرپشن میں ملوث ہیں۔ غریب مزدور اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بڑھاپے کے سہارے کے لیے چندہ جمع کرتے ہیں اور ظالم چالیس ارب روپے ڈکار کر بھی مظلوم بننے کی کوشش کرتے ہیں۔ شمس الرحمان سواتی نے اپیل کی ہے کہ سپریم کورٹ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے معاملات کا بھی جائزہ لے اور اس ملک میں کروڑوں کھیت، بھٹہ، تعمیرات، فشریز اور کان کن مزدوروں کو لیبر قوانین کے دائرے میں لینے کے لیے حکم جاری کریں، کیونکہ ان مزدوروں کے معاملے میں پارلیمنٹ اور ریاست اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کر رہی ہیں، یہاں تک کہ سوشل سیکیورٹی سے بھی یہ مزدور محروم ہیں۔


خبر کا کوڈ: 286470

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/286470/جماعت-اسلامی-کا-کرپشن-کے-خلاف-خود-نوٹس-لینے-پر-چیف-جسٹس-کو-خراج-تحسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org