QR CodeQR Code

شام میں امریکہ اور اسرائیل دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں، متحدہ بین المسلمین فورم

25 Jul 2013 16:59

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ بین المسلمین فورم کے رہنماﺅں نے کہا کہ آج بھی تمام مسلمان متحد اور متفق ہیں، پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ بین المسلمین فورم پاکستان کے صدر مولانا تنویرالحق تھانوی، سینئیر نائب صدر علامہ عباس کمیلی، مولانا عطاءالمصطفٰی جمیل، مولانا اسد و دیگر رہنماﺅں نے کہا ہے کہ شام میں مقدس ہستیوں کے مزارات کی بے حرمتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ شعائر اسلام کے دفاع کے لئے تمام ممالک متحد و متفق ہیں۔ شام میں بغاوت ان کا اندرونی معاملہ ہے، فرقہ واریت اور شیعہ سنی فسادات کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ بیرونی طاقتیں شام میں بغاوت سے مسلمانوں کو لڑا رہے ہیں۔ امریکہ افغانستان کی طرح تمام مسلم خطوں میں ناکام و نامراد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ بین المسلمین فورم پاکستان کے رہنماﺅں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماﺅں نے کہا کہ ملک شام میں بیرونی مداخلت کی وجہ سے خانہ جنگی عروج پر ہے۔ امریکہ، اسرائیل و دیگر بیرونی قوتیں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں بغاوت سے مسلمانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ مقدس ہستیوں کے مزارات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، مگر سیاسی و مذہبی جماعتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
 
رہنماﺅں نے کہا کہ حضرت بی بی زینب (س) کے مزار پر حملہ قابل مذمت ہے۔ اس مذموم فعل سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم کفر مسلمانوں کے درمیان انتشار اور خلفشار پیدا کرنے کی گھناﺅنی سازش کر رہا ہے۔ مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے۔ مگر ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آج بھی تمام مسلمان متحد اور متفق ہیں، پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام مسالک کے علمائے کرام کو اتحاد بین المسلمین کی دعوت دیتے ہیں، تاکہ آپس کے اختلافات کو ختم کرکے ایک جان ہو جائیں اور اپنے حقیقی دشمن کو پہچانیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ بی بی زینب (س) اور حضرت خالد بن ولید کے مزارات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ تمام مسلمان باہمی اختلافات کو ختم کرکے میدان عمل میں اتریں اور امت کی بہتری کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق پیدا کریں۔


خبر کا کوڈ: 286777

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/286777/شام-میں-امریکہ-اور-اسرائیل-دہشتگردوں-کی-پشت-پناہی-کر-رہے-ہیں-متحدہ-بین-المسلمین-فورم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org