0
Friday 26 Jul 2013 15:14

شام میں مزارات پر حملہ کرکے یزیدی اور صیہونی اسلام دشمن قوتیں بےنقاب ہوگئیں، پاکستان سنی تحریک

شام میں مزارات پر حملہ کرکے یزیدی اور صیہونی اسلام دشمن قوتیں بےنقاب ہوگئیں، پاکستان سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک علماء بورڈ کے رکن مفتی عابد مبارک نے کہا ہے کہ نواسی رسول حضرت بی بی زینب (س) اور حضرت خالد بن ولید کے مزارات اقدس پر حملے یزیدی مظالم کا تسلسل ہیں۔ صحابہ کرام کے نام پر سیاست کرنے والے بتائیں کہ جلیل القدر صحابی حضرت خالد بن ولید کے مزار اقدس پر ہونے والے حملوں پر خاموش کیوں ہیں۔ کیا صحابہ کرام کے مزارات پر حملے توہین صحابہ کے زمرے میں نہیں آتے۔ آج پورا عالم اسلام مزارات صحابہ پر حملوں کے خلاف افسردہ ہے۔ پاکستان سنی تحریک روز اول ہی سے یزیدی جارحیت کے خلاف صف آراء ہے اور رہے گی۔ حضرت سیدہ بی بی زینب (س) اور حضرت خالد بن ولید کے مزارات پر حملے سے یزید کے خلاف آواز حق کو دبایا نہیں جاسکتا ہے۔ آج بھی یزیدی محلات سے حضرت بی بی زینب (س) کی یہ صدا گونج رہی ہے کہ اہل بیت رسول (ص) حق و صداقت پر ہیں اور حق و باطل کی لڑائی تاقیامت جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر صحابہ کرام کے مزارات مقدسہ پر حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنماء محمد بلال قادری نے کہا کہ اہلسنت مزارات صحابہ، مزارات اولیاء کو اپنا اثاثہ سمجھتے ہیں اور ان مزارات کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینا سعادت سمجھتے ہیں۔ ہم مزارات کی جانب اٹھنے والے ہاتھ کاٹنا بھی جانتے ہیں۔ مزارات مقدسہ پر حملے نے مسلمانوں کے دلوں کو ہلا دیا ہے۔ آج نام نہاد او آئی سی کہاں ہے، برگزیدہ ہستیوں کے مزارات کے ظلم پر خاموش کیوں ہے۔ آج پورا عالم اسلام سراپائے احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں مزارات کی توہین کرکے یزیدی اور صیہونی اسلام دشمن قوتوں نے خود کو بے نقاب کر دیا ہے۔ مزارات مقدسہ پر حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حکومت پاکستان شام کے سفیر کو طلب کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے۔

 مرکزی رہنماء شکیل قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کی پرامن پالیسی کو کمزوری تصور نہ کیا جائے، اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ مزارات مقدسہ پر حملے کرنے والے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کی حکومت اور او آئی سی ان مزارات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک جو ایک طرف ہمیں حضرت امام حسن (ع) کی یاد دلاتا ہے کہ جنہوں نے امت مسلمہ کو انتشار سے بچانے کیلئے اقتدار کو چھوڑ کر اور تخت کے بجائے منبر کو ترجیح دی، پاکستان سنی تحریک انہی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے امت مسلمہ میں اتحاد و یگانگت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 286998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش