0
Sunday 28 Jul 2013 13:18

بیرسٹر سلطان کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، چوہدری عبدالمجید

بیرسٹر سلطان کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے لہو کے صدقے پیپلز پارٹی کی قیادت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا یہ قافلہ منزل کے لیے رواں دواں ہے۔ اس قافلے میں شہدا ء کا لہو شامل ہے۔ پیپلز پارٹی کے اس قافلے نے ہر دور میں عوام کے حقوق کا تحفظ کیا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔ وزیراعظم پاکستان کی یہ سوچ جمہوریت کی عکاس ہے۔ تحریک عدم اعتماد کے حوالہ سے وزیراعظم نے جو فیصلہ کیا وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اہل کشمیر پاکستان کے استحکام، سلامتی کے لیے اپنے لہو کا نذرانہ دے رہے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا یہ فیصلہ مسلم لیگ (ن) کو عدم اعتماد اور عدم استحکام سے لاتعلق رکھنے کا فیصلہ کشمیر اور پاکستان کے مضبوط رشتوں سے عکاس ہے۔ آزادکشمیر حکومت اور مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور عوام کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں تحریک عدم اعتماد کا فوری نوٹس لیا۔ وزیر اعظم یہاں عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی کے بعد سینٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین، وزراء حکومت چوہدری لطیف اکبر، طاہر کھوکھر، چوہدری مطلوب انقلابی، میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی، سردار عابد حسین عابد، فیصل ممتازراٹھور، چوہدری پرویز اشرف، جاوید اقبال بڈھانوی، عبدالسلام بٹ اور شوکت جاوید میر، چیئرمین ایم ڈی اے اسد حبیب اعوان، ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر شیخ اظہر کے علاوہ پیپلز پارٹی مظفرآباد کے صدر پرویز اعوان اور پیپلز پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ 

وزیر اعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر ریاست کے تشخص، ریاست کے وقار، مقبوضہ ریاست کی آزادی اور جمہوری سسٹم کی مضبوطی کے لیے قومی پریس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا میڈیا نے جو تاریخی کردار ادا کیا اس سے تحریک آزادی کو تقویت ملے گی اور جمہوری نظام مستحکم ہوگا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ انگریز کا پٹھو بیس کیمپ کے اندر عوام کی منتخب جمہوری حکومت جو عوام کے بھاری مینڈیٹ سے قائم ہے پر شب خون مارنے کی جو مذموم عزائم تیار کیے تھے وہ ختم ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ 42 سال سے عوام کی سیاست ایک خدمت اور عبادت کا درجہ سمجھ کر کر رہے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی حصول اقتدار کو اپنی منزل نہیں سمجھا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا اب پیپلز پارٹی سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے اور ان کے ساتھیوں نے آزادکشمیر میں جمہوری عمل پر ایک بار پھر شب خون مار کر اپنی موقع پرستی، خود غرضی اور لوٹا کریسی کی انتہا کر دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پارٹی سے بے وفائی کرنے والے سیاسی پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ دریا می بار بار چھلانگ لگانے والوں کا انجام اچھا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے بے وفائی کرنے والوں کا فیصلہ پارٹی قیادت اور پارلیمانی پارٹی کریگی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے تحریک عدم اعتماد میں ہمارا ساتھ دیا اور جمہوریت کو بچانے میں جو کردار ادا کیا اس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 287549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش