QR CodeQR Code

لاہور میں شہراعتکاف منگل سے آباد ہو جائے گا

28 Jul 2013 17:39

اسلام ٹائمز:شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری روزانہ بعد از نماز تراویح معتکفین کو درس قرآن و تصوف دیں گے اور سحری کے وقت تک انکا خطاب ہوا کرے گا۔ فجر کی نماز کے بعد معتکفین کو آرام کا موقع دیا جائے گا اس کے بعد انفرادی اور اجتماعی معمولات کا سلسلہ نماز ظہر تک جاری رہے گا۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کا شہر اعتکاف منگل کو جامع المنہاج، ٹاؤن شپ لاہور میں آباد ہو گا۔ علامہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی معیت میں ہزاروں مرد و خواتین عید کا چاند نظر آنے تک شہر اعتکاف کے مکین بن جائیں گے۔ بیرون ملک سے بھی سینکڑوں کی تعداد میں معتکفین لاہور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ 100 سے زائد انتظامی کمیٹیوں کا اختتامی اجلاس آج سربراہ شیخ زاہد فیاض کی صدارت میں شہر اعتکاف ٹاؤن شپ میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری اعتکاف 2013ء محمد جواد حامد نے اجلاس کے شرکاء کو انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے پانی و بجلی کی فراہمی،گرمی اور حبس سے بچاؤ کیلئے بڑے سائز کے پنکھوں اور سحری و افطاری کی بر وقت فراہمی کے حوالے سے ھاؤس کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر امجد شاہ نے معتکفین کو طبی سہولتوں کی فراہمی اور ایمبولینسز کی ہمہ وقت شہر اعتکاف کے باہر موجودگی بارے بتایا۔ سربراہ شیخ زاہد فیاض نے انفرادی اور اجتماعی معمولات کے حوالے سے متعلقہ کمیٹیوں کو ہدایات دیں اور سیکیورٹی کے انتظامات اور شہر اعتکاف کو مختلف بلاکس میں تقسیم کرنے کے حوالے سے ضروری گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری روزانہ بعد از نماز تراویح معتکفین کو درس قرآن و تصوف دیں گے اور سحری کے وقت تک انکا خطاب ہوا کرے گا۔ فجر کی نماز کے بعد معتکفین کو آرام کا موقع دیا جائے گا اس کے بعد انفرادی اور اجتماعی معمولات کا سلسلہ نماز ظہر تک جاری رہے گا۔ ہزاروں کی تعداد میں خواتین بھی اجتماعی اعتکاف بیٹھیں گی ان کیلئے الگ جگہ پر انتظامات کئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 287640

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/287640/لاہور-میں-شہراعتکاف-منگل-سے-آباد-ہو-جائے-گا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org