0
Sunday 28 Jul 2013 23:37

نواز لیگ ایم کیو ایم اتحاد میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، مہاجر قومی موومنٹ

نواز لیگ ایم کیو ایم اتحاد میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، مہاجر قومی موومنٹ
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی مرکزی کمیٹی نے کہا ہے کہ ماضی سے ابتک کراچی کے عوام کے ساتھ آزادی کے نام پر مذاق کیا جا رہا ہے۔ پچھلی حکومت نے بھی معیشت کو بدحالی اور تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور اب موجودہ حکمراں جماعت مسلم لیگ نواز بھی وہی رویہ اختیار کر رہی ہے۔ عوام کو امن کا لالچ دیکر مینڈیٹ حاصل کیا گیا اور اب سوچی سمجھی سازش کے تحت دہشت گردوں کو اپنی صفوں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اس بات کا ردعمل کراچی میں عوامی انقلاب، احتجاج، ریلیوں اور دھرنوں کی صورت میں سامنے آئیگا۔ وفاق اپنے فیصلوں پر دوبارہ نظرثانی کرے اور عوامی ردعمل سے خبردار رہے۔ عارضی بیت الحمزہ سے جاری بیان میں مرکزی کمیٹی ایم کیو ایم حقیقی نے کہا کہ نواز حکومت کے گزشتہ دنوں کے فیصلوں پر مسلم لیگی اراکین اور عوام کا سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے جس کی وجہ سے نواز حکومت اس وقت سخت مشکلات سے دوچار ہے۔ مسلم لیگ کے باقی اراکین متحدہ سے اتحاد کے حق میں نہیں۔

 مرکزی کمیٹی نے بیان میں مزید کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ متحدہ ڈیل مسلم لیگ (ن) کا مشترکہ فیصلہ تھا یا پھر میاں نواز شریف کا انفرادی فیصلہ۔ بلاشبہ اس اتحاد میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں لیکن اپنے آپ کو پاکستان کی عوامی جماعت کہلانے والی حکمراں جماعت قوم کو بتائے کہ انھیں عوامی مینڈیٹ عزیز ہے یا دہشت گردوں سے مفاہمت۔ میاں صاحب پوری قوم آپ کے جواب کی منتظر ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ نواز حکومت کے اس فیصلے کے پیش نظر کراچی کی عوام میں سخت ناراضگی پائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے نواز شریف آج عوام میں متنازعہ حیثیت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ نواز حکومت کی متحدہ جیسی دہشت گرد جماعت سے ڈیل عوام کو سڑکوں پر لا کھڑا کریگی جس کا سامنا کرنا کسی حکومت یا سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں۔ لہذا وفاقی حکومت بیرونی دباﺅ میں آ کر غلط فیصلوں سے گریز کرے۔
خبر کا کوڈ : 287716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش