QR CodeQR Code

دہشت گردی پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہے، سنی اتحاد کونسل

29 Jul 2013 01:23

اسلام ٹائمز: ملک گیر یوم مذمت کی تقریبات سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ مقدس مہینے میں خلق خدا کا خون بہانے والے اللہ کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں، حکمران دہشتگردی کے خاتمے کیلیے لائحہ عمل بنانے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر پارا چنار میں ہونے والے دھماکوں کے خلاف ملک گیر یومِ مذمت منایا گیا اور ملک بھر میں سانحۂ پارہ چنار کے خلاف احتجاجی اجتماعات منعقد کئے گئے اور مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ اس سلسلہ میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں منعقدہ احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کی سلامتی کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے، فرقوں کے نام پر بے گناہ انسانوں کا قتل عام قابل مذمت ہے، فرقہ واریت ایک ناسور کی شکل اختیار کرچکی ہے، مقدس مہینے میں خلق خدا کا خون بہانے والے اللہ کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں، حکمران دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لائحہ عمل بنانے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، حکمران اور کتنے انسانوں کے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

یومِ مذمت کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار میں ساٹھ افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والے انسان نہیں درندے ہیں، موجودہ حکومت کے دور میں دہشت گردی کے واقعات کم ہونے کی بجائے بڑھ گئے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محمود نے حیدر آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، بے گناہوں کا خون بہانے والے مجاہد نہیں مجرم ہیں، چیف جسٹس قوم کو بتائیں کہ آج تک کسی ایک دہشت گرد کو بھی سزا کیوں نہیں مل سکی۔

پیر محمد اطہر القادری نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرائے کے قاتلوں نے پاکستان کو مقتل بنا دیا ہے۔ یومِ مذمت کے موقع پر بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، میانوالی میں علامہ منظور عالم سیالوی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد اور حافظ آباد میں بیرسٹر وسیم الحسن نقوی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 287742

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/287742/دہشت-گردی-پاکستان-کی-سلامتی-کیلئے-خطرہ-بن-چکی-ہے-سنی-اتحاد-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org