0
Monday 29 Jul 2013 16:08

شام اور پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کو قتل کرنے میں امریکا اور اسرائیل کا ہاتھ ہے، مولانا مختار امامی

شام اور پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کو قتل کرنے میں امریکا اور اسرائیل کا ہاتھ ہے، مولانا مختار امامی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ شام اور پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کو قتل کرنے میں امریکی اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ عالمی صیہونی و استعماری قوتیں شام میں بحران پیدا کر رہی ہیں کیونکہ شام فلسطین کیلئے ایک عظیم پناہ گاہ ہے۔ 23 رمضان المبارک جمعة الوداع کو امام خمینی کے فرمان کے مطابق پاکستان بھر میں عالمی یوم القدس منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری مولانا امداد نسیمی، مولانا گل حسن مرتضوی، عالم کربلائی، یعقوب حسینی، سید عروج، دانش زیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا محمد مختار احمد امامی نے کہا کہ دنیا بھر کے دہشت گردوں کو شام میں جمع کیا گیا ہے تاکہ شام کی عوامی حکومت کو غیر مستحکم کیا جائے اور عالمی صیہونی طاقتوں امریکا، اسرائیل کی من پسند حکومت قائم کرکے فلسطین کیلئے شام کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو نابود کیا جائے البتہ دشمنان اسلام اور فلسطین اپنے ناپاک عزائم میں تاحال ناکام رہے ہیں۔
 
مولانا مختار احمد امامی نے کہا کہ ہم اولیائے کرام کے مزارات اور مقدس جگہوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے سانحہ پارا چنار پر یوم احتجاج کی کال کی حمایت کرتے ہیں اس سے ثابت ہوگیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف سنی شیعہ متفق ہیں۔ پاکستان میں فرقہ واریت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 رمضان المبارک جمعة الوداع کو امام خمینی کے فرمان کے مطابق پاکستان بھر میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے فلسطینیوں کی حمایت اور بیت المقدس کی بازیابی کیلئے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان کی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان ریلیوں اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور عالمی یوم القدس منا کر مظلوم فلسطینیوں سے اپنے والہانہ محبت کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کے پیچھے امریکا، اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹوں کا ہاتھ ہے۔ مولانا مختار امامی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پارا چنار سمیت ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی میں جو بھی عناصر ملوث ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 287935
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش