0
Monday 29 Jul 2013 19:06

جماعت اسلامی نے پنجاب حکومت کا بلدیاتی بل مسترد کر دیا

جماعت اسلامی نے پنجاب حکومت کا بلدیاتی بل مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرف دور کے سابقہ بلدیاتی نظام کی طرح ضلعی محتسب کا ادارہ قائم کیا جائے یہ آئینی تقاضا بھی ہے، ماضی میں مشرف نے اپنی سیاسی مصلحتوں کے تحت اس نظام کو صحیح طریقے سے نافذ نہیں کیا، یہ المیہ ہے کہ فوجی حکمران جب اقتدار میں آتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات کرواتے ہیں مگر جمہوری حکمران نہیں کرواتے، جنرل مشرف کا متعارف کردہ نظام میں واقعی اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہو گئے اور ہر قسم کے فیصلے ضلعی سطح پر ضلعی نمائندے کرنے لگے تھے اور یہ امید پیدا ہو گئی تھی کہ ایم این اے اور ایم پی ایز گلیوں کی سیاست سے نکل آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 اپنی روح کی بنیاد پر آئین پاکستان کے آرٹیکل 140 (الف) سے متصادم ہے، آئین پاکستان کی دفعہ 140 (الف) کے تحت صوبے پابند ہیں کہ وہ مقامی حکومتیں قائم کر کے ان کے منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی ذمہ داریاں اور اختیارات منتقل کر دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مقامی حکومتوں کے انتخابات کیلئے حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کرے، انتخابات کے لئے صرف الیکشن کمیشن کی تیار کردہ کمپیوٹرائز لسٹیں ہی استعمال کی جائیں، مقامی حکومتوں کے مالی امور کے لئے الگ سے اکاؤنٹس آفیسر مقرر کیے جائیں جو بجٹ تیار کرنے، حسابات رکھنے اور اندرونی آڈٹ کے ذمہ دار ہوں۔ شہر ی اور دیہاتی کی تقسیم ختم کر کے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام چیف افسران کو اپنے اپنے چیئرمین یا میئر کے سامنے جوابدہ بنایا جائے اور ان کے انتظامی اختیارات چیئرمین کی منظوری سے مشروط کیے جائیں، جماعت اسلامی اس ملک کی منظم دینی و سیاسی جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ عوامی ایشو پر آواز بلند کی ہے، ملک میں چھانگا مانگا کی سیاست سے اجتناب کیا جائے، جماعت اسلامی انشاء اللہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی، صوبائی حکومت کی جانب سے عجلت میں کیے گئے فیصلے عوام کے لئے نقصان دہ ہوں گے، صدارتی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ نے آئین و قانون کے مطابق فیصلے کیے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر العظیم، فاروق چوہان، ملک الیاس اور عمران الحق بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 287980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش