QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن اسے مرکزی حکومت پسند ہے ،قائم علی شاہ

30 Jul 2013 04:55

اسلام ٹائمز: میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اب پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد میں شامل نہیں رہی، انہیں ہمیشہ مرکزی حکومت میں شامل رہنے کا شوق ہوتا ہے، اب بھی روایت برقرار رکھی۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ہمیشہ مرکزی حکومت میں شامل رہنے کا شوق ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے انہیں سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن اسے شاید مرکزی حکومت پسند ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اب پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد میں شامل نہیں رہی۔ انہیں ہمیشہ مرکزی حکومت میں شامل رہنے کا شوق ہوتا ہے، اب کی بار بھی روایت برقرار رکھی ہے اور وفاقی حکومت کے خواب دیکھ رہی ہے لیکن اب بھی ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کے امکانات ختم نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب کے سلسلے میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس قانونی طور پر طلب کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کر رکھا ہے تاہم جو اس انتخاب میں حصہ لینا چاہے حصہ لے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں 1979ء کا بلدیاتی نظام مختلف ترامیم کے ساتھ نافذ کرنا چاہتی ہے اس سلسلے میں مشاورت جاری ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پر حملے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔


خبر کا کوڈ: 288085

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/288085/ایم-کیو-کو-حکومت-میں-شمولیت-کی-دعوت-دی-تھی-لیکن-اسے-مرکزی-پسند-ہے-قائم-علی-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org