0
Sunday 12 Apr 2009 12:21

قبائلی علاقوں میں کارروائی آسان ہے نہ پاکستان کی اجازت کے بغیر فوج بھیجیں گے، ہالبروک

قبائلی علاقوں میں کارروائی آسان ہے نہ پاکستان کی اجازت کے بغیر فوج بھیجیں گے، ہالبروک
واشنگٹن(جنگ نیوز) امریکہ کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ پاکستان کے خفیہ اداروں کے طالبان کے ساتھ روابط کے الزامات میں صداقت نہیں ہے،پاکستان کے قبائلی علاقوں میں القاعدہ کے خلاف کاروائی آسان نہیں،پاکستان کی اجازت کے بغیر فوج نہیں بھیجیں گے،جنرل کیانی ایک سنجیدہ شخصیت جبکہ صدر زرداری قابل تعریف ہیں۔ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان میں دنیا کی بہترین حکومت ہو، وہاں منشیات اور رشوت ستانی سے پاک نظام ہو تب بھی وہ اس وقت تک مستحکم نہیں ہو سکتا جب تک پاکستان کے موجودہ حالات برقرار رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر پاکستان کے قبائلی علاقے (طالبان کی) پناہ گاہ نہ ہوتے تو مجھے یقین ہے کہ افغانستان بہت کم وقت میں اپنے پیروں پر کھڑا ہو جاتا۔ رچرڈ ہالبروک کا کہنا تھا کہ طالبان القاعدہ کا ہراول دستہ ہیں اور اگر وہ افغانستان میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو بلا شک و شبہ القاعدہ افغانستان میں واپس آ جائے گی۔ پاکستان میں امریکی فوجیوں کی کارروائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی ایلچی نے کہا کہ مجھ سے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ کیوں ہم وہاں اپنے فوجی بھیج کر ان کا صفایا نہیں کر سکتے تو اس پر میرا جواب یہی ہوتا ہے کہ ہم ایسا پاکستان کی اجازت کے بغیر نہیں کر سکتے اور ایسا کرنا ایک اچھا خیال نہیں ہو گا۔ ویسے بھی اگر افغانستان کے پہاڑی علاقوں میں القاعدہ کے خلاف کارروائی کو مدِ نظر رکھا جائے تو پاکستان کے قبائلی علاقوں کے پہاڑوں میں جا کر ان کا صفایا کرنا آسان کام نہیں۔امریکی حکام کی جانب سے پاکستانی خفیہ اداروں کے طالبان سے روابط کے الزامات پر بات کرتے ہوئے رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ ’ہمیں ان الزامات کا پتہ ہے لیکن پاکستانی فوج کے سربراہ کے ساتھ ہمارا تجربہ ان الزامات کی تصدیق نہیں کرتا۔ ہم اس خیال کے ساتھ ان کا احترام کرتے ہیں کہ وہ ایک سنجیدہ شخصیت ہیں جو کہ مشکل حالات میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہالبروک نے صدر آصف زرداری کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اس عہدے پر کام کرنے کے دوران ذاتی طور پر جس حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔

خبر کا کوڈ : 2883
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش