QR CodeQR Code

الطاف حسین کا صدر زرداری کو خراج تحسین اور نو منتخب صدر ممنون حسین کو مبارکباد

31 Jul 2013 23:17

اسلام ٹائمز: قائد ایم کیو ایم نے کہا کہ صدر زرداری نے پانچ سال جمہوری انداز میں مکمل کرنے کے بعد جمہوری انداز میں انتقال اقتدار کا مرحلہ مکمل کرکے ثابت کر دیا کہ وہ ملکی تاریخ کے پہلے اور مکمل جمہوری صدر ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پرامن اور جمہوری ماحول میں صدارتی انتخاب کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں خصوصاً صدر مملکت آصف علی زرداری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت انتقال اقتدار کے سلسلے میں عام انتخابات کی طرح حالیہ صدارتی انتخابات کے انعقاد کا سہرا جہاں دیگر شخصیات اور قومی اداروں کے سر جاتا ہے وہاں صدر آصف علی زرداری کو بھی جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے تمام تر دشواریوں اور مشکلات کے باوجود اپنے پورے پانچ سال جمہوری انداز میں نہ صرف مکمل کئے بلکہ اپنے ہی دور میں جمہوری انداز میں انتقال اقتدار کا مرحلہ مکمل کرکے انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے اور مکمل جمہوری صدر ہیں۔
 
الطاف حسین نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے جمہوری سوچ و فکر اپناتے ہوئے صدر مملکت کے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کئے اور اپنے پانچ سالہ دور میں کسی کے ساتھ بھی سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی. پورے پانچ سال نہایت صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور جمہوری رویہ اپنایا جس پر وہ صدر آصف زرداری کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ الطاف حسین نے نو منتخب صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے امید ظاہر کی کہ وہ ملک اور جمہوریت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مثبت اور موثر اقدامات کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 288630

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/288630/الطاف-حسین-کا-صدر-زرداری-کو-خراج-تحسین-اور-نو-منتخب-ممنون-مبارکباد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org