1
0
Friday 2 Aug 2013 07:42

ہمارے آپس کے اختلاف امام مہدی (عج) کیلئے سب سے زیادہ ناراضگی کا باعث ہیں، آیت اللہ بہاؤالدینی

ہمارے آپس کے اختلاف امام مہدی (عج) کیلئے سب سے زیادہ ناراضگی کا باعث ہیں، آیت اللہ بہاؤالدینی
اسلام ٹائمز۔ خدا تک پہنچنے کا دروازہ یا تو انبیاءکرام (ع) ہوتے ہیں یا آئمہ طاہرین (ع) ہیں۔ لہٰذا آج خدا تک پہنچنے کا واحد ذریعہ حجت خدا یعنی امام مہدی (عج) ہیں۔ ہمارے آپس کے اختلافات حضرت امام زمانہ (عج) کیلئے سب سے زیادہ ناراضگی اور انتہائی دکھ کا باعث ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ولی امرالمسلمین ولی فقیہ آیت للہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے پاکستان میں نمائندے آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن اور ناصران امام فاؤنڈیشن کی جانب سے شب قدر کے موقع پر سولجر بازار کراچی کے کیتھولک گراؤنڈ میں منعقدہ معرفت ثقلین سیمینار اور اعمال شب قدر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی کے مترجم کے فرائض آغا سید مبشر زیدی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر علامہ شاہد رضا کاشفی نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں اسلامی جمہوری ایران سے خصوصی طور پر تشریف لائے ایرانی قاری نے اپنے مخصوص دلنشین انداز میں تلاوت قرآن پاک پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ سیمینار کے آخر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ علامہ اعجاز حسین بہشتی اور آغا سید مبشر زیدی کی اقتداءمیں اعمال شب قدر ادا کئے گئے۔ اس موقع پر دوران اعمال نوحہ خوانی کے فرائض سید شجاع رضوی نے انجام دیئے۔

آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے شرکائے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شب قدر وہ عظیم الشان شب ہے جس میں ملائکہ زمین پر اترتے ہیں۔ شب قدر کو ملائکہ امام زمانہ (عج) کے حضور ا ٓکر ان سے ملاقات کرتے ہیں گویا امام زمانہ (عج) میزبان اور ملائکہ مہمان ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ شب قدر کو ملائکہ کہاں نازل ہوتے ہیں۔ آیا وہ صحراﺅں، سمندروں، بلند و بالا پہاڑوں وغیرہ پر نازل ہوتے ہیں۔ تو جواب ملتا ہے کہ ملائکہ انسان کامل کے حضور نازل ہوتے ہیں جو کہ پروردگار عالم کی آخری حجت حضرت امام زمانہ امام مہدی (عج) کی ذات مبارک ہے۔

نمائندہ ولی فقیہ نے کہا کہ آج کی خصوصی دعا زیارت عاشورا ہے۔ سن 61 ہجری روز عاشور زمین پر چار ہزار فرشتے نازل ہوئے جو واپس آسمان پر نہیں گئے اور نہ ہی جائیں گے۔ ان فرشتوں نے روز عاشور کی خاک کو اپنے اوپر اوڑھ رکھا ہے۔ یہ فرشتے کہتے ہیں کہ روضہ امام حسین علیہ السلام و کربلا ہی ہمارا عرش معلیٰ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان فرشتوں کا امام حسین (ع) پر گریہ کرنا ہے۔ جو زائرین روضہ امام حسین (ع) کی زیارت کو جاتا ہے یہ ان زائرین کی خدمت کرتے ہیں۔ اگر کوئی زائر بیمار پڑ جائے تو اس کی عیادت کرتے ہیں اور اگر کسی زائر کا انتقال ہو جائے تو یہ اس کی مغفرت کیلئے دعا کرتے ہیں۔

آقائے بہاؤالدینی نے مزید کہا کہ ہمارے تمام اعمال فرشتے امام زمانہ (عج) کی خدمت میں پیش کرتے ہیں۔ ہمارے اعمال دیکھ کر امام زمانہ (عج) یا تو خوش ہوتے ہیں یا ناخوش۔ امام زمانہ (ع) ذاتی کوتاہیوں سے زیادہ اجتماعی کوتاہیوں سے ناخوش ہوتے ہیں۔ اس دنیا میں پہلے ہی کیا کم مصائب و مشکلات ہیں، کیا اس دنیا میں جگہ جگہ لوگ ظلم و ستم کا نشانہ نہیں بن رہے ہیں، دنیائے عرب، بحرین، مصر، شام، سعودی عرب، عراق وغیرہ میں ہونے والے ظلم سے امام زمانہ (عج) کیا کم دکھی و رنجیدہ ہیں کہ ہم اپنے گناہوں سے امام زمانہ (عج) کو مزید رنجیدہ کر دیں۔
خبر کا کوڈ : 289013
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

United States
100% Right......! Our Ulama should must give their attentions toward this point.
ہماری پیشکش