QR CodeQR Code

یوم القدس اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا تجدید عہد ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

2 Aug 2013 15:52

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور بیت المقدس کی آزادی حقیقی جہاد سے ہی ممکن ہے، پاکستان کی ملت اسلامیہ نے آزادی فلسطین کے کاز کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں جس میں 72 شہداء القدس کوئٹہ سرفہرست ہیں، ہم عہد کرتے ہیں کہ مظلومین کی حمایت کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس امت مسلمہ کیلئے عظیم دن ہے، یہ دن تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم غاصب اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور بیت المقدس کی آزادی حقیقی جہاد سے ہی ممکن ہے، پاکستان کی ملت اسلامیہ نے آزادی فلسطین کے کاز کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں جس میں 72 شہداء القدس کوئٹہ سرفہرست ہیں، ہم عہد کرتے ہیں کہ مظلومین کی حمایت کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین عالم اسلام کا صف اول کا مسئلہ ہے، بیت المقدس قبلہ اول کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ اور عالمی استعمار امریکہ کے خلاف صفِ آراء رہیں گے۔


انہوں نے کہا کہ ہم شام میں امریکہ، نیٹو اور ان کے بعض عرب حواریوں کی سرپرستی میں تکفیری گروہوں کے ہاتھوں شامی عوام کی بے گھری اور قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان وحشیوں نے بزرگ صحابی رسول حضرت عمار یاسر (رض)، حضرت اویس قرنی(رض) اور حضرت حجر بن عدی و دیگر صحابہ (رض) کے مزارات کو شہید کرنے کے بعد حرمِ جناب سیدہ زینب بنت علی (سلام اللہ علیہا) نواسی رسول اللہ پر حملہ کیا ہے جو قلبِ پیغمبر (ص) پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان خودکش خارجیوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اُن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اس ضمن میں ہم سنی اتحاد کونسل کے 50 مفتیانِ کرام کے فتوے کو بروقت اور قابلِ تحسین اقدام سمجھتے ہیں، پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں انہی تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں قانون، عدلیہ، پاکستان آرمی کے وقار کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے سینکڑوں خطرناک دہشت گردوں کو رہا کروانا اور جاتے وقت شیعہ قیدیوں کا قتل عام ایک قومی سانحہ ہے، جس کے براہِ راست ذمہ دار صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پاکستان آرمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کے طول و عرض میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور اُن کی پناہ گاہوں کو ختم کرنے کیلئے منظم مربوط اور بے رحمانہ آپریشن کیا جائے، تاکہ عوام کو اس ناسور سے نجات دلائی جاسکے، ان خوارج کے ساتھ وہی سلوک کیا جانا چائیے جس طرح حضرت علی علیہ السلام کے دورِ حکومت میں خوارج کے ساتھ کیا گیا تھا۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے عروج کے دورانیہ میں امریکی وزیرِ خارجہ کی پاکستان آمد خطرے کی گھنٹی ہے اور امریکی توانائی کے متبادل منصوبوں کے نام پر پاکستان ایران گیس پائپ لائن کو ختم کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں، ہم اسے پاکستانی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہیں، پاکستان میں غیر ملکی دہشت گردوں کی موجودگی، ڈرون حملے اور امریکیوں کا پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت ناقابلِ قبول ہے، ہم حکومت پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ امریکی وزیر خارجہ کیلئے ریڈ کارپٹ استقبال اور اعلٰی سطح کی ملاقاتوں کی بجائے چین اور ایران جیسی علاقائی طاقتوں کے ساتھ مل کر اپنے مسائل کو حل کیا جائے اور تجارت کو فروغ دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 289027

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/289027/یوم-القدس-اسرائیل-کو-تسلیم-نہ-کرنے-کا-تجدید-عہد-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org