0
Saturday 3 Aug 2013 00:29
القدس کی آزادی تک جدوجہد جاری رہیگی

ظالم سے کبھی حقوق نہیں مل سکتے، مقاومت ہی فلسطین کی آزادی کا راز ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

نجس قوتیں ہمیں قدس کی آزادی کی جدوجہد سے نہیں روک سکتیں، علامہ امین شہیدی
ظالم سے کبھی حقوق نہیں مل سکتے، مقاومت ہی فلسطین کی آزادی کا راز ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ظالم فقط ظلم کرتا ہے، اس سے حقوق نہیں مل سکتے، حماس کی مقاومت ہی فلسطین کی آزادی کا باعث بنے گی۔ نیل سے فرات تک سرحدوں کا سوچنے والا اسرائیل اب دیواریں بناکر اپنے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ ایران وہ واحد ملک ہے جس نے حماس کو اسلحہ دیا اور سفارتی سطح پر ہر ممکن تعاون کیا۔ فسلطین کا مسئلہ عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جسے حل کئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کو دفن نہیں ہونے دیں گے، تین سال قبل کوئٹہ میں یوم القدس کی ریلی پر حملہ کرکے 85 سے زائد معصوم افراد کو شہید کیا گیا، تاکہ اسرائیل کے خلاف عوامی نفرت کو کم کیا جاسکے لیکن آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی القدس کی ریلیاں اس بات کی غماز ہیں کہ اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کیا جائیگا اور فلسطین کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج عراق، افغانستان، شام اور بحرین میں مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، شام کو اس لئے سزا دی جا رہی کیونکہ وہ واحد عرب ملک ہے جو فلسطین کاز کو سپورٹ کرتا ہے، آج دنیا بھر سے دہشتگردوں کو جمع کرکے مقاومت کے بلاک شام کو کمزور کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، دنیا دیکھ رہی ہے کہ شام میں مقدس مقامات تک محفوظ نہیں رہے، دہشتگرد جہاں اصحاب رسول (ص) کے مزاروں پر حملہ آور ہیں وہیں ان درندہ صفت دہشتگردوں نے بی بی زنیب سلام اللہ علیھا کے روز ے کو بھی نہیں بخشا۔
 
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ترکی، اردن، امارات، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک فلسطین کاز کی حمایت نہیں کر رہے بلکہ اسرائیلی ایجنڈے پر شام میں دہشتگردوں کو سپورٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او پاکستان کے زیراہتمام جی سکس ٹو سے پارلیمنٹ ڈی چوک تک نکالی جانیوالی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان جیل پر حملہ پاک فوج اور صوبائی و وفاقی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 90 سے زائد ناکے عبور کرکے دہشتگرد کیسے جیل پہنچ گئے؟، رات بھر قوم کو بتایا جاتا رہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے۔ لیکن نتیجہ صفر رہا، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ فورسز اور حکومت کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ چھ شیعہ افراد کو جیل میں شناخت کرکے ان کے گلے کاٹے گئے۔ ہم پر واضح کیا جارہا ہے کہ اب تم جیلوں میں بھی محفوظ نہیں ہو، ہم ان طاقتوں کو واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اہل بیت (ع) کے ماننے والے مر تو سکتے ہیں جھک نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنرل کیانی سے پوچھتے ہیں کہ ان کی تین سال کی توسیع نے قوم اور پاک فوج کو کیا دیا؟، آئے روز ایک درجن سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کو شہید کر دیا جاتا ہے لیکن جنرل کیانی کہیں نظر نہیں آتے، دہشتگرد اعلان جنگ کر رہے ہیں اور جنرل کیانی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ظلم کی بات تو ہے کہ دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں لیکن وفاقی و صوبائی حکومتیں تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ چوہدری نثار نے ڈی آئی خان جیل حملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ان کی یہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ 

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ فلسیطن کاز کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ نجس قوتیں ہمیں اس جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت کی دو ماہ کی کارکردگی نے ثابت کر دیا ہے کہ قوم پر کڑا وقت آنے والا ہے۔ وزیر داخلہ خاموش ہیں تو نواز شریف قوم کو دہشتگردوں کے حوالے کرکے عمرے پر چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم تیار ہوجائے اب انہیں دہشتتگردوں سے نجات دلانے والا کوئی نہیں، ملک کی نگہبان فورسز نے اپنے علاوہ سب کو اللہ کے آسرے پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان کیری کا دورہ پاکستان ثابت کرتا ہے کہ پاکستان میں شام جیسے حالات بنانے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں، جس کا ڈی آئی خان جیل پر حملہ واضح ثبوت ہے۔ 
اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزین پاکستان کے رہنماء انیس عباس نے کہا کہ ہم خون کے آخری قطرے تک قدس کی آزادی اور فلسطینیوں کی حمایت میں سڑکوں پر آتے رہیں گے۔ ہمیں اس سے کوئی قوت نہیں روک سکتی، ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 289197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش