QR CodeQR Code

مسلم حکمران اسرائیل کیخلاف اعلان جہاد کرتے ہوئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں، متحدہ علماء محاذ

3 Aug 2013 17:04

اسلام ٹائمز: یوم القدس کانفرنس سے خطاب میں علماء و مشائخ نے کہا کہ فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے یوم القدس منانا امام خمینی (رہ) کا دور اندیشانہ اقدام ہماری دینی ملی اور اخلاقی غیرت کا تقاضہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیراہتمام جمعة الوداع یوم القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا انتظارالحق تھانوی، مفتی محمد اسلم نعیمی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ عبداللہ غازی، برجیس احمد، علامہ مرتضیٰ رحمانی، صاحبزادہ قاری رضاء المصطفےٰ اعظمی، مولانا غلام مصطفی رحمانی، مولانا قاری اللہ داد، علامہ اظہر شاہ ہمدانی اور دیگر نے کہا کہ صیہونیوں کو فلسطین سے فی الفور بے دخل کیا جائے۔ مسلم حکمراں اسرائیل کے خلاف اعلان جہاد کریں۔ علماء و مشائخ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے مسلم حکمراں مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں۔ ہمارا ایمان ہے کہ فلسطین ایک دن ضرور اسرائیل کے غاضبانہ قبضے سے آزاد ہوگا اور قبلہ اول بیت المقدس میں دنیا بھر کے مسلمان آزادانہ نمازیں ادا کر سکیں گے۔
 
مقررین نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے لئے یوم القدس منانا امام خمینی (رہ) کا دور اندیشانہ اقدام ہماری دینی ملی اور اخلاقی غیرت کا تقاضہ ہے۔ امت مسلمہ جسد واحد کے مصداق ہے لہٰذا فلسطین کے مظلوم بھائیوں کا دکھ درد بھی ہمارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان مظلوم فلسطینیوں کو کسی بھی طور یہود و نصاریٰ کے خونی پنجہء استبداد میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔  مقررین نے مختلف قرادادوں کے ذریعے مسلم حکمرانوں کی بیداری پر زور دیا اور اقوام متحدہ کی جانبدارانہ، متعصبانہ اسرائیل نواز پالیسیوں کی سخت مذمت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر امریکا، اسرائیل، برما اور بھارت مردہ باد کے نعرے لگائے گئے اور پرچم نذرآتش کئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 289440

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/289440/مسلم-حکمران-اسرائیل-کیخلاف-اعلان-جہاد-کرتے-ہوئے-مشترکہ-اسلامی-فوج-تشکیل-دیں-متحدہ-علماء-محاذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org