QR CodeQR Code

حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، غنویٰ بھٹو

4 Aug 2013 15:39

اسلام ٹائمز: افطار ڈنر میں صحافیوں سے گفتگو میں چیئرپرسن پی پی پی (شہید بھٹو) نے کہا کہ ہمارے ملک میں اتنے وسائل موجود ہیں کہ ہم عوام کو خود مختار بنا سکتے ہیں لیکن حکمران یہ مسائل حل نہیں کرنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ مسائل حکمرانوں کے خود پیدا کئے ہوئے ہیں اور وہ انھیں حل کرنا نہیں چاہتے ہیں۔ اگر عوامی مسائل حل ہو جاتے ہیں تو حکمرانوں کو کرپشن کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ سب کو مل کر عوم کا استحصال ختم کرانا ہوگا۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔۔ اس موقع پر سینئر سیاستدان معراج محمد خان، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے غلام شاہ سمیت دیگر سیاسی شخصیات موجود تھیں۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ انتخابات میں عوام نے بہت بڑھ چڑھ کے حصہ لیا تھا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ عوام ملک میں تبدیلی چاہتی ہے۔ اگر حکمرانوں نے عوام کے مسائل حل نہیں کئے تو پاکستان میںں بھی مصر جیسی صورتحال پیدا ہو جائے گی اور یہاں بھی تحریر اسکوائر بننے میں دیر نہیں لگے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم خود کہتے ہیں کہ مسائل بہت زیادہ ہیں اگر وہ عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے تو وہ وزیر اعظم کیوں بنے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے مسائل حل نہیں کرنا چاہتے کیونکہ یہ مسائل ان ہی کے پیدا کئے ہوئے ہیں اگر مسائل حل ہو جاتے ہیں تو یہ حکمران کرپشن نہیں کر سکے گیں اس لئے انھوں نے عوام کو دھوکے میں رکھا ہوا ہے۔
 
سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو دئے گئے توہین عدالت کے نوٹس پر غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ایک لفظ بولنے پر عدالت کی توہین نہیں ہوتی یہاں تو عوام کو انصاف ہی نہیں ملتا کیا یہ توہین نہیں ہے، اگر ہم ایسی باتوں میں الجھے رہے تو عوام کو انصاف کون دے گا۔ غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ”انصاف“ کا نام استعمال کرنا چھوڑ دے کیونکہ زہرہ شاہد حسین کے قتل میں ملوث افراد ابھی تک کٹہرے سے دور ہیں تو اس پارٹی کو تحریک انصاف کیسے کہا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں توانائی بحران اور دہشت گردی کے مسائل کا حل مشکل نہیں ہے ہمارے ملک میں اتنے وسائل موجود ہیں کہ ہم عوام کو خود مختار بنا سکتے ہیں لیکن حکمران یہ مسائل حل نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام ذوالفقار علی بھٹو جیسی قیادت دیکھنا چاہتے ہیں اور بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ جب عوام باہر نکلے گی تو فاطمہ بھٹو اور جونئیر ذوالفقار علی بھٹو بھی عوام کا ساتھ دینے کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئی حکومت سے عوام کو بہت امیدیں تھیں لیکن حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے سب امیدوں پر پانی پھیر دیا۔


خبر کا کوڈ: 289661

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/289661/حکومت-نے-آئی-ایم-ایف-سے-معاہدہ-کرکے-عوام-کی-امیدوں-پر-پانی-پھیر-دیا-غنوی-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org