QR CodeQR Code

حکومت کراچی میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا فوری نوٹس لے، ثروت اعجاز قادری

5 Aug 2013 16:25

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں سربراہ پی ایس ٹی نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو فوری بحال کیا جائے تاکہ عوام صفائی اور اپنے علاقے کے مسائل کو حل کرا سکیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ تکلیف دہ مسائل کے مارے مظلوم عوام مزید اذیت برداشت نہیں کر سکتے۔ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا حکومت فوری نوٹس لے۔ مظلوم غریب عوام جو بارش سے متاثر ہوئے ہیں، حکومت عید سے قبل امداد دیکر انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرے۔ بارش نے حکمرانوں کے دعووں کی قلعی کھول دی۔ باران رحمت ناقص انتظامات کی وجہ سے زحمت بن گئی۔ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کی اذیت کا شکار ہیں تو دوسری طرف بارشوں سے جمع ہونے والا پانی تکلیف کا باعث بن رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں بارشوں سے ہونے والی تباہی اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو فوری بحال کیا جائے تاکہ عوام صفائی اور اپنے علاقے کے مسائل کو حل کرا سکیں۔
 
محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو برطرف کرنے میں عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔ حکومت بتائے کہ بارشوں سے جمع ہونے والے پانی اور سیلابی ریلوں کو روکنے کیلئے اقدامات کیوں نہیں کئے گئے۔ ثروت اعجازقادری نے کراچی سمیت سندھ بھر کے اہلسنت خدمت فاونڈیشن کے رضاکاروں کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں اور سیلابی ریلے سے متاثرین کی امداد کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کراچی کے دعوے بارش میں بہہ گئے۔ سڑکوں، گلیوں، محلّوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔ کچرا کنڈی سے تعفن پھیل رہا ہے جس سے وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ صفائی کے کاموں کے ساتھ مظلوم غریب عوام کے نقصانات کا نوٹس لیکر فوری طور پر امداد فراہم کریں۔


خبر کا کوڈ: 289974

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/289974/حکومت-کراچی-میں-بارشوں-سے-ہونے-والے-نقصانات-کا-فوری-نوٹس-لے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org