0
Monday 5 Aug 2013 16:47

حکومت سندھ اپنی نااہلی اور کرپشن کے اعتراف میں مستعفی ہو جائے، غنویٰ بھٹو

حکومت سندھ اپنی نااہلی اور کرپشن کے اعتراف میں مستعفی ہو جائے، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجہ میں کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سندھ کے دیگر علاقوں میں تباہی و بربادی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل گذشتہ چھ سالوں سے اقتدار میں رہنے والی حکومت نے بارشوں سے کراچی اور دیگر شہروں و دیگر مقامات کو محفوظ رکھنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی۔ کراچی کے چند سرکاری عہدیداروں کی برطرفی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور ان کی اشک شوئی کے سوا کچھ نہیں۔ ستر کلفٹن سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا کہ چند اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے برخاست کرنے کے بجائے ضرورت اس امر کی ہے کہ خود حکومت سندھ اپنی نااہلی، خود غرضانہ رویوں اور کرپشن کے اعتراف میں مستعفی ہو جائے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ہر سال سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں میں بارشوں کی تباہ کاری کا خطرہ موجود رہتا ہے لیکن حکمران اس سنگین مسئلہ سے نمٹنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کرتے بلکہ تباہی کے بعد جو علاقے اور سڑکیں تباہ ہو جاتی ہیں ان کی تعمیر نو کیلئے اربوں روپیہ خرچ کئے جاتے ہیں جو دراصل کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے۔
 
غنویٰ بھٹو نے کہا کہ اس وقت محض ایک دن کی موسلادھار بارشوں نے اسقدر تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجہ میں کئی افراد جاں بحق اور ہزاروں مکانات پانی کے ریلے میں بہہ چکے ہیں اور ان علاقوں کے مکین بے یارو مددگار نقل مکانی پر مجبور ہیں لیکن حکومت ان بارش زدہ علاقوں میں موثر امدادی کام کرنے سے مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا مسئلہ ہو، غضبناک مہنگائی و بیروزگاری کا مسئلہ یا قدرتی آفات کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال حکومت ان مسائل کا مداوا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کے کارکنوں اور عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حسب المقدور بارش کے متاثرین کی مدد کیلئے میدان عمل میں آئیں اور مصیبت زدہ عوام کو اکیلا نہ چھوڑیں۔
خبر کا کوڈ : 289991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش