0
Monday 5 Aug 2013 19:33

شہید عارف کے عاشقوں نے استعماری عزائم خاک میں ملا دیئے، علامہ اسدی

شہید عارف کے عاشقوں نے استعماری عزائم خاک میں ملا دیئے، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملک بھر میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 25 ویں برسی منائی گئی۔ لاہور میں منعقدہ برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ دشمن آج کے دن ایک جلیل القدر عالم اور اتحاد بین الملمین کے داعی کو ہم سے چھین کر مطمئن ہوگئے تھے کہ وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہوگئے ہیں لیکن اس شہید پرور قوم نے اپنے محبوب قائد کے وہ زریں اصول یعنی اتحاد بین المسلمین، حب الوطنی اور شیطان وقت امریکہ و اسرائیل کے کیخلاف جدوجہد کو پہلے سے بھی زیادہ تیز کر کے ان کے شیطانی ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔

علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ استعماری قوتوں نے مقامی ضمیر فروشوں کی مدد سے قیام پاکستان سے اب تک محب وطن قیادت کو برداشت نہیں کیا، چاہے وہ بانی پاکستان بابائے قوم محمد علی جناح ہوں یا شہید لیاقت علی خان، تاریخ اس بات کی گواہی دے گی کہ اس ملک میں وطن فروشوں کا دور دورہ رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کی غیور ملت ایسے غداروں کو بے نقاب کرکے ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے دن رات ایک کئے سرگرم عمل ہے، شہید عارف حسین الحسینی کے یہ پیروکاران ہمیشہ سے میدان میں حاضر ہیں اور رہیں گے، کیونکہ شہید قائد کا یہ فرمان بھی تھا اور اس پر ہمارا عقیدہ بھی ہے کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے جو ہماری ماوُں نے ہمیں دودھ میں پلایا ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام برسی کے تقریب میں کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کے حوالے سے پورے ملک سمیت پنجاب بھر میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں۔ ضلع شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ فیصل آباد، جھنگ، چینوٹ، بھکر، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور ننکانہ صاحب میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ یاد رہے برسی کا مرکزی اجتماع 25 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 290047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش